Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

27 ویں شب: مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں افراد کی تراویح میں شرکت، اطراف کے علاقے نمازیوں سے بھر گئے

حرمین شریفین میں لاکھوں افراد نے رمضان کا آخری جمعہ بھی ادا کیا (فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں بیرون ملک اور اندرون مملکت سے لاکھوں افراد نے 27 شب کی تراویح اور دعا میں شرکت کی۔
ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بڑی تعداد میں افراد عشا اور تراویح ادا کرنے کے لیے پہلے سے پہنچنے لگے تھے۔
مسجد الحرام میں تراویح کے براہ راست مناظر نشر کیے گئے۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد الحرام کے دالان، تہہ خانے، چھت ، تیسری توسیع، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔ 
قبل ازیں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو حرمین شریفین میں لاکھوں فرزندان اسلام نے نماز ادا کی۔
انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں آنے والوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
مسجد الحرام میں آمد ورفت کے راستے جدا رکھے گئے تاکہ لوگ آرام سے مسجد الحرام میں داخل ہوسکیں۔
سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق 27 ویں شب کی دعا میں شرکت کےلیے مسجد الحرام جانے والے راستوں پر ٹریفک پولیس کے اہلکار جبکہ ازدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی خصوصی ٹاسک فورس کے دستے مسجد الحرام کے اطراف میں تعینات کیے گئے تاکہ لوگ منظم طریقے سے مسجد الحرام میں داخل ہو سکیں۔
مسجد الحرام کے باہر نصب اسکرینز کے ذریعے بھی ازدحام  کے حوالے سے آگاہی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
 ازدحام کی کیفیت کو دیکھتے ہوئے ادارہ امن عامہ کی جانب سے لوگوں کو موبائل پر خصوصی پیغامات بھی بھیجے جاتے رہے۔
ادارہ امن عامہ کی جانب سے  بھیجے گئے پیغامات میں لوگوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مسجد ازدحام کے پیش نظر الحرام آنے کے بجائے اپنے ہوٹلوں یا گھروں کے قریبی مساجد میں نماز ادا کریں۔
دوسری جانب مسجد نبوی کی انتظامیہ کا کہنا ہے رمضان المبارک کے گزشتہ 20 دنوں میں آنے والے زائرین کی تعداد 20 ملین سے زائد رہی۔
روضہ رسول ﷺ پر سلام  کےلیے 16 لاکھ 43 ہزار 288 افراد آئے جبکہ ریاض الجنہ  کے لیے 3 لاکھ 58 ہزار 632 مرد جبکہ 2 لاکھ 96 ہزار 595 خواتین کو پرمٹ جاری کیے گئے۔

شیئر: