کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات اگست میں ہوگا، 40 لاکھ ریال کے انعامات
مقابلے میں مختلف ممالک سے قراء اور حفاظ کرام شرکت کریں گے (فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر نگرانی بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات و تحفیظ اور تفیسرقرآن کا 44 واں ایڈیشن اگست 2024 میں مکہ مکرمہ میں منعقد کیا جائے گا۔
ایس پی اے کے مطابق مقابلے کے انتظامات وزارت اسلامی امور اور دعوۃ والاشاد کی جانب سے کیے جا رہے ہیں۔
بین الاقوامی مقابلے میں مختلف ممالک سے قراء اور حفاظ کرام شرکت کریں گے۔
مقابلہ حسن قرات و تفیسرقرآن کریم کے لیے 40 لاکھ ریال کے مجموعی انعامات رکھے گئے ہیں۔
وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کا کہنا ہے مقابلے کی اختتامی تقریب مسجد الحرام میں منعقد کی جائے گی۔
مقابلے کے شرکا کے لیے 5 زمرے رکھے گئے ہیں۔ پہلا زمرہ ان حفاظ کے لیے مخصوص ہوگا جو مکمل قرآن کریم کے حافظ ہونے کے ساتھ تجوید اور ساتوں قرات کے ماہرہوں۔
دوسرے حصے میں قرآن کریم کے وہ حفاظ جو تجوید اور آیات قرآن کی تفیسر کے فن میں ماہرہوں۔
تیسرے زمرے میں حفاظ کرام جو فن تجوید کے ماہرہوں جبکہ چوتھے زمرے میں 15 پارے کے حفاظ اور تجوید جبکہ پانچویں شعبے میں 5 پاروں کے حفاظ اور تجوید کا مقابلہ ہوگا۔
پہلے زمرے کےمیں مقابلہ میں پہلی پوزیشن پر آنے والے کو 5 لاکھ ریال جبکہ دوسرے کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار اورتیسرے کےلیے 4 لاکھ ریال کا انعام رکھا گیا ہے۔
دوسرے زمرے کے پہلے فاتح کو 3 لاکھ دوسرے کو 2 لاکھ 75 ہزار اورتیسری پوزیشن پر آنے والے کو 2 لاکھ 50 ہزار ریال کا انعام دیا جائے گا۔
تیسرے زمرے کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 2 لاکھ ریال، دوسرے پوزیشن کے لیے 1 لاکھ 90 ہزار اور تیسری کےلیے 1 لاکھ 80 ہزار ریال مقرر ہیں۔
چوتھے اورپانچویں زمرے کے فاتحین کے لیے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 1 لاکھ 70 ہزار اور ایک لاکھ 60 ہزار ریال مقرر کیے گئے ہیں۔
مقابلے میں دیگر نوعیت کے فاتحین کےلیے بھی نقد انعامات رکھے گئے ہیں جن کی مالیت ڈیرھ لاکھ سے 45 ہزارریال تک ہوگی۔