وزیرِ قانون کی تحریک پر ایم این اے جمشید دستی اور اقبال خان کی رکنیت بحال
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سنی اتحاد کونسل کے دونوں اراکین کی رکنیت بحال کر دی (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے دو معطل ارکان کو بحال کر دیا ہے۔
پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی تحریک اور پیپلز پارٹی کے رکن سید نوید قمر کے توجہ دلانے کے بعد سپیکر نے یہ فیصلہ کیا۔
اس موقعے پر پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ ’کسی سپیکر کے لیے کسی رکن کو معطل کرنا پسندیدہ بات نہیں۔ انتہائی اقدامات انتہائی صورت حال میں کیے جاتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پارلیمنٹ مضبوط ہو گی تو اپوزیشن مضبوط ہو گی، ہمیں لوگوں کے مسائل حل کرنا ہیں۔‘
نوید قمر نے اپوزیشن کے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’احتجاج کرنا آپ کا حق ہے، لیکن پارلیمنٹ میں مسائل کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے۔‘
اس کے بعد سپیکر ایاز صادق نے جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی معطلی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے کہا کہ ’اسمبلی حکومت اور اپوزیشن کے بغیر نامکمل ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم سب نے مل کر ایرانی صدر سے ملاقات کی، پیغام گیا پاکستان کے لیے ہم ساتھ ہیں۔
ان دونوں اراکین کی بحالی کی تحریک وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی تھی۔
جمعے کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر پاکستان آصف علی زرداری کے خطاب کے موقعے پر باجا بجانے اور شور شرابا کرنے پر سپیکر نے جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی رکنیت معطل کر دی تھی۔