شوری کونسل میں کمرشل رجسٹریشن اور ’برانڈ نیم ‘ پروگرام کی منظوری
تجارتی پروگرام کے تحت کمرشل جسٹریشن کے امور کو مزید آسان بنایا گیا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی شوری کونسل نے کمرشل رجسٹریشن (سی آر) اور ’برانڈ نیم ‘ پروگرام کی منظوری دی ہے۔
شوری کا اجلاس نائب چیئرمین ڈاکٹر مشعل بن فھم السلمی کی صدارت میں ہوا جس میں مختلف موضوعات زیربحث آئے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں تجارت وسرمایہ کار کمیٹی کی سربراہ و رکن شوری کونسل حنان السماری نے تجارتی و سرمایہ کاری کے امور سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔
کونسل نے متفقہ طور پر پیش کی جانے والی سفارشات کی منظوری جاری کی۔
تجارتی پروگرام کے تحت کمرشل جسٹریشن کے امور کو مزید آسان بنانا شامل تھا۔ سی آر کی مستقل بنیاد پر اپ گریڈیشن کے عمل کو بھی یقینی بنانے کی منظوری دی گئی۔
قانون کی شق 23 کے تحت تجارتی نام ’برانڈ نیم‘ کے پروگرام کے تحت سی آر میں مصنوعات کے تحفظ کےلیے بھی ضوابط کی منظوری دی گئی۔
شوری اجلاس میں زور دیا گیا کہ سعودی بزنس اینڈ اکنامک سینٹر کے معاملات کو بہتر طورپر آگے بڑھانے اورحکومتی اداروں کے ساتھ معاملات کو جلد نمٹانے کےلیے مشترکہ پلیٹ فارم بنایا جائے۔
اجلاس میں قومی مسابقتی مرکز کے مالی سال کی رپورٹ پر بھی بحث کی گئی۔
اس موقع پر پیش کی جانے والی مختلف آرا اور تجاویز پربھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پرمختلف نوعیت کے فیصلے صادر کیے گئے جن میں سعودی عرب اور دوست و برادرممالک کے ساتھ مختلف منصوبوں کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کو دستخط کرنے کی منظوری شامل ہے۔