سعودی عرب میں قدرتی ماحول اور مناظر پر فوٹوگرافی مقابلہ
سعودی عرب میں قدرتی ماحول اور مناظر پر فوٹوگرافی مقابلہ
منگل 23 اپریل 2024 21:56
’ہفتہ ماحولیات 2024‘ کے زیر عنوان 28 اپریل سے 5 مئی تک جاری رہے گا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں رہنے والے فوٹوگرافروں کے پاس 27 اپریل تک ایک ایسے مقابلے میں حصہ لینے کا موقع ہے جس میں وہ سعودی ماحول کو اُجاگر کرنے والی بہترین تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ شامل ہو سکتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کے زیراہتمام ہونے والے فوٹوگرافی مقابلے کا مقصد خاص فن کے ذریعے ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
فوٹوگرافی کے مقابلے میں مملکت کے قدرتی ماحول اور خوب صورتی ظاہر کرنے والے تخلیقی مواد کو شامل کیا جائے گا۔
سعودی عرب میں ہونے والا فوٹوگرافی کا یہ مقابلہ ’کیا آپ اپنے ماحول کو جانتے ہیں؟‘ کے زیرعنوان ’ہفتہ ماحولیات 2024‘ کے تحت 28 اپریل سے 5 مئی تک جاری رہے گا۔
مملکت میں فوٹوگرافی کے شوقین تمام افراد کو ایسی تصاویر، ویڈیوز یا فلمیں جو یہاں کے ماحول کی بہترین عکاسی کرتی ہوں مقابلے میں جمع کرانے کی دعوت دی گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقابلے کے ججوں کا ایک پینل انعام یافتگان کا اعلان کرے گا، جیتنے والوں کو ایک لاکھ ریال کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔
فوٹوگرافی مقابلے میں حصہ لینے والوں کے پاس اپنی تخلیقات کے کاپی رائٹس ہونا ضروری ہے اور ایسی فوٹو یا ویڈیو جو پہلے کوئی مقابلہ جیت چکی ہو انعام کی حقدار نہیں ہو گی۔
سعودی وزارت ماحولیات جمع کرائی گئی تصاویر کو نمائشوں، کانفرنسوں یا اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر استعمال کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
وزارت کے اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی مسائل کے بارے میں عوامی فہم بڑھانا اور افراد یا گروپوں کے مثبت طرزعمل کی حوصلہ افزائی کرکے مملکت کے قدرتی وسائل کی حفاظت کی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں