اسرائیل کے جنگی جرائم کی مذمت کرتی ہوں اور کرتی رہوں گی: ملالہ یوسفزئی کی وضاحت
جمعرات 25 اپریل 2024 6:20
ملالہ یوسفزئی نے غزہ میں فلسطینیوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے ساتھ ایک منصوبے پر کام کرنے پر تنقید کے بعد غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں غزہ میں فلسطینیوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
ہیلری کلنٹن اور ملالہ یوسفزئی ’سَف‘ کے نام سے نیویارک میں جاری ایک براڈوے شو میں مل کر کام کر رہی ہیں۔
سَف‘ کے معنی ووٹ دینے کا حق ہے۔ براڈوے شو 1900 کی دہائی کے اوائل سے شروع ہونے والی ووٹ کے حق کے لیے لڑنے والی خواتین کی مہم کے بارے میں ہے اور ملالہ یوسف زئی پہلی بار اس شو کا حصہ بن رہی ہیں۔
ملالہ یوسف زئی کی جانب سے ہیلری کلنٹن کے پروجیکٹ کا حصہ بننے پر انہیں سوشل میڈیا صارفین نے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم صارفین ان کی حمایت میں بھی سامنے آئے تھے۔
ملالہ یوسفزئی نے ایکس پر لکھا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ غزہ کے شہریوں کے لیے میری حمایت کے حوالے سے کوئی غلط فہمی نہ ہو۔ ہمیں یہ سمجھنے کے لیے کہ جنگ بندی کی فوری ضرورت ہے، مزید لاشیں، سکولوں پر بمباری اور بھوک سے مرتے بچوں کو دیکھنے کی ضرورت نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اسرائیلی حکومت کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتی ہوں اور کرتی رہوں گی۔‘
گذشتہ برس اکتوبر میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے پاکستان میں فلسطین کی حمایت میں کئی مظاہرے ہوئے۔
سوشل میڈیا صارفین کا الزام ہے کہ ملالہ یوسفزئی ایسی خاتون کے ساتھ کام کررہی ہیں جو غزہ میں ’نسل کشی میں ملوث ہیں۔‘
پاکستان کی مشہور کالم نگار مہر تارڑ نے بدھ کو ایکس پر لکھا کہ ’ملالہ یوسفزئی کا ہیلری کلنٹن کے ساتھ مل کر کام کرنا، جو فلسطینیوں کی نسل کشی کے لیے امریکہ کی واضح حمایت میں کھڑی ہیں، انسانی حقوق کارکن کے طور پر ان کی ساکھ کے لیے بڑا دھچکا ہے۔‘
ٹوئٹر صارف ندا کرمانی نے کہا کہ ’ملالہ نے بہت پہلے ہی اپنا اصل رنگ دکھا دیا تھا، وہ دنیا میں بہت زیادہ اثر و سوخ رکھتی ہیں، ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرنا جو نسل کشی کی حمایت کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں بہت بڑی ناکامی ہے۔‘
ہیلری کلنٹن نے جہاں حماس کو ختم کرنے کے لیے فوجی مہم کی حمایت کی اور جنگ بندی کے مطالبات کو مسترد کیا تھا وہیں انہوں نے واضح طور پر فلسطینی شہریوں کے تحفظ کا بھی مطالبہ کیا تھا۔