Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف سے سعودی وزیر خزانہ، وزیر سرمایہ کاری اور وزیر صنعت کی الگ الگ ملاقاتیں

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد آل فالیح، وزیر خزانہ محمد آل جادان کی ملاقات اور سعودی وزیر برائے صنعت بندر بن ابراہیم الخیریف کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں۔
 وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری نے وزیراعظم کو ’پرائم منسٹر آف ایکشن‘ قرار دے دیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور سعودی وزیر خزانہ  کی ملاقات میں اتفاق ہوا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا۔
ملاقات میں  سعودی وزیر خزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔
سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی سعودی عرب کی ترقی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کا ہر مشکل میں ساتھ دینے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود، سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود اور سعودی وزراء کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے سعودی وزراء سے گفتگو میں کہا کہ ’میرے پچھلے دور حکومت میں  سعودی عرب کی حمایت اور مدد کی بدولت ہمارے معاشی حالات بہتر ہوئے۔‘
’سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں۔‘
سعودی وزیر صنعت نے زراعت، معدنیات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس ضمن میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔
سعودی وزیر صنعت نے کہا کہ وہ  سعودی نجی کمپنیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطے میں ہیں اور یہ کمپنیاں بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔
ان ملاقاتوں میں  وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری بھی موجود تھے۔

شیئر: