Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں فرانسیسی قونصل جنرل کی رہائش پر ذائقوں سے بھرپور ثقافتی تبادلہ

معروف شیف سٹیفن کولیٹ کی خصوصی کاوش سے شاندار لنچ کا انتظام کیا گیا۔ فوٹو عرب نیوز
فرانسیسی قونصل جنرل محمد نھاض نے جدہ میں اپنی رہائش گاہ پر گذشتہ روز پیر کو سعودی پریس کے نمائندوں کے ایک گروپ کی میزبانی کی۔
عرب نیوز کے مطابق اس موقع پر فرانس کے معروف شیف سٹیفن کولیٹ اور ان کے معاون فلورین ایٹلین کی خصوصی کاوش سے شاندار لنچ کا انتظام کیا گیا۔
فرانسیسی شیف نے اپنے فن کی خوبصورتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخصوص ذائقوں کو متعارف کرایا جس کا مقصد مملکت میں فرانسیسی کھانوں کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر قونصل جنرل نے بتایا کہ آج کی اس دعوت کا مقصد آپ کو فرانسیسی کھانوں کی لذت سے متعارف کرانا ہے اور ہماری دیرینہ روایت فرانسیسی کھانا پکانے کی خوبصورتی اور ذائقے کو اجاگر کرتی ہے۔
محمد نھاض نے بتایا کہ عالمی ادارہ یونیسکو نے نومبر 2010 میں فرانسیسی ذائقوں کو دنیا کے غیر محسوس ثقافتی ورثے کے حصے کے طور پر تسلیم کیا تھا۔
فرانسیسی شیف سٹیفن کولیٹ نے بتایا ’شیف بننے کا میرا سفر خاندانی کھانوں سے شروع ہوا جس نے کھانا پکانے کے میرے شوق کو فروغ دیا۔ مجھے اپنے بزرگوں کے تیار کردہ پکوان آج بھی یاد ہیں جو محبت اور خوشی سے لبریز تھے۔
کولیٹ نے مزید بتایا کہ ٹوکیٹ ہوٹل سکول میں ٹریننگ  کے دوران معروف باورچیوں سے متاثر ہو کر میں نے روایتی شیف بننے کا راستہ اختیار کیا۔

سٹیفن کولیٹ نے 2018 میں ’میلیور اوویریئر ڈی فرانس‘ کا شیف ٹائٹل حاصل کیا۔ فوٹو عرب نیوز

فرانسیسی شیف کے پیشہ ورانہ تجربے اور برسوں کی مہارت نے ملک اور بیرون ملک انہیں عزت بخشی  اور 2011 سے  انہوں نے نئے باورچیوں کو سکھانا شروع کیا۔
2018 میں ’میلیور اوویریئر ڈی فرانس‘ کا معروف شیف ٹائٹل حاصل کرنے والے کولیٹ نے بتایا کہ میں فرانسیسی ذائقوں اور ورثے سے جڑی تکنیک کو محفوظ رکھنا چاہتا ہوں۔
فرانسیسی شیف نے بتایا کہ ضیافت کی تیاری کے سلسلے میں انہوں نے جدہ کی مرکزی فش مارکیٹ کا دورہ کیا جہاں تازہ مچھلی اور جھینگے کی متعدد اقسام سے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔

شیئر: