ممبئی۔۔۔۔مہاراشٹر میں ایس ایس سی کے امتحانی نتائج کے مطابق ممبئی کے آٹورکشہ ڈرائیور نے 61فیصد مارک حاصل کئے۔ اس کے خاندان والوں نے اب نواحی علاقے میں اپنے 8x12فٹ کے کمرے میں چھوٹی سی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ آٹوڈرائیور شریف عبدالصمد خان کی عمر 41سال ہے اور وہ 5بچوں کے باپ ہیں۔ اس سال ان کی بیٹی رخسار نے بھی ایس ایس سی کا امتحان دیا تھا اور اس نے 66فیصد نمبر حاصل کئے۔ شریف کی 4بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ وہ ہر ایک سے کہتا ہے کہ تعلیم حاصل کریں اور صرف تعلیم سے ہی اپنی زندگی بدل سکتے اور مشکلات کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔شریف کا تعلق یوپی کے شہر پرتاپ گڑھ سے ہے وہ روزانہ 8سے 10گھنٹے رکشہ چلاتے ہیں جس کے بعد ان کی بیٹی رخسار تعلیم کے حصول میں ان کی مدد کرتی ہے۔شریف کی تعلیم کا سلسلہ نوجوانی کے عالم میں ہی گھر چلانے کی وجہ سے ٹوٹ چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 1991-92میں ملند میں ہونیوالے فسادات کے باعث مجھے اسکول سے نکال دیا گیا تھا۔ ان فسادات کی وجہ سے ہمارے گھر کی آمدنی کم ہوگئی تھی اس کے بعد میں نے اپنے والد کا ہاتھ بٹانے کیلئے چھوٹی موٹی ملازمت کی۔ بعد میں آٹورکشہ چلانا شروع کردیا اور پھر پیچھے مڑ کرنہیں دیکھا۔ میری بیٹیوں نے مجھے سمجھایا کہ پڑھائی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔کوئی عمر نہیں ہوتی۔ اس کے بعد میں نے امتحان کا فارم بھرا۔مجھے ڈرتھا کہ کہیں فیل نہ ہوجاؤں ، سخت محنت کے بعد پڑھنا ویسے بھی مشکل کام ہے لیکن میری بیٹیوں نے مدد کی اور میں کامیاب ہوگیا۔