Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرین مشرق وسطی مہم کےلیے 2.5 ارب ڈالر مختص کیے: عادل الجبیر

سعودی عرب ماحول کے تحفظ کےلیے  سنجیدگی سے کوششیں کررہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور، رکن کابینہ اور موسمیاتی امور کے ایلچی عادل بن احمد الجبیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب ماحول کے تحفظ کےلیے  سنجیدگی سے کوششیں کررہا ہے۔
گرین مشرق وسطی مہم کےلیے 2.5 ارب ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عادل الجبیر ریاض میں دو روزہ مکالمہ سیشن جس کا عنوان’موسمیاتی تبدیلی کے لیے مملکت کی کوششیں‘ تھا میں خطاب کررہے تھے۔
وزیرمملکت نے مزید کہا ’ جنگلات موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیات سے نمٹنے کے لیے مملکت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ علاوہ ازیں مملکت کے وژن 2030 کا بھی اہم ہدف ہے، کیونکہ صاف ستھری ہوا اور ماحول معاشرے کےلیے اہم ہیں‘۔
عادل الجبیرنے کہا کہ’ مملکت کا شمار تیل نکالنے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے اس لیے ماحول کو صاف رکھنے کے حوالے سے بھی اہم ذمہ داری کا احساس رکھتے ہوئے عالمی معیار پر عمل کرتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے اور ان سے نبردآزما ہونے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جاتے ہیں‘۔
وزیر مملکت نے مزید کہا ’شجرکاری مہم کے تحت زمین کو بھی اس کے مطابق تیار کیا جاتا ہے تاکہ وہ ماحولیاتی تغیرات کو قبول کرتے ہوئے لگائے جانے والے پودوں کو قبول کرنے کی صلاحیت حاصل کرلے‘۔

شجرکاری مہم کے تحت زمین کو بھی اس کے مطابق تیار کیا جاتا ہے(فوٹو: ایس پی اے)

’شجرکاری نہ صرف ماحول کےلیے ضروری ہے بلکہ یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ یہ عمل امن و استحکام کےلیے بھی اہم ہے کیونکہ جس علاقے میں خشک سالی ہوگی وہاں کے رہنے والے دوسرے علاقوں کی جانب بڑھیں گے جو تنازعات کا باعث بھی بن سکتے ہیں جس سے علاقے کا امن و امان متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے‘۔
عادل الجبیر کا کہنا تھا’ موسم اور ماحولیات کے اثرات دیگر عوامل پر بھی مرتب ہوتے ہیں جن میں اہم ترین عنصر معیشت، قدرتی آفات، سیلاب جو ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے آتے ہیں جن سے اشیا کی قیمتوں میں یک دم اضافہ ہونے لگاتا ہے‘۔
کیونکہ قدرتی آفات کا براہ راست اثر لاجسٹک سروسز پر مرتب ہوتا ہے جب نقل و حمل کے کرایے بڑھیں گے تو اس کا اثرات براہ راست اشیا پر مرتب ہوں گے جس سے مہنگائی بھی بڑھے گی اور اس کا اثر عام آدمی یعنی خریدار پر ہوتا ہے۔

شیئر: