سعودی ولی عہد نے مملکت کو ایک رول ماڈل میں تبدیل کر دیا ہے: شہباز شریف
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کا وژن 2030 پیش کیا جو دنیا کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت کو عالمی سطح پر ایک رول ماڈل میں تبدیل کر دیا ہے۔‘
سعودی ٹی وی چینلز العربیہ اور الحدث کو انٹرویو دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’گذشتہ آٹھ برسوں میں سعودی ولی عہد نے مثالی کامیابیاں حاصل کیں جو ان کی مدبرانہ فراست و مثالی قیادت کے سبب ہی ممکن ہو سکی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کا وژن 2030 پیش کیا جو صرف ہمارے لیے نہیں بلکہ دنیا کے لیے بھی ایک مثالی نمونہ ہے۔‘
جبکہ سعودی عرب کی شرح نمو دنیا میں تیز ترین ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ’پاکستان کا کوئی بھی وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کرتا ہے۔ اس طرح یہ ایک روایت رہی ہے اور یہ روایت جاری رہے گی۔‘
’ہمارے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ ہمارے غم و خوشی مشترکہ ہیں۔ ہم کامیابی اور ترقی میں بھی شراکت دار ہیں۔‘
انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات، اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے دورہ پاکستان، ملکی معیشت ، اصلاحات سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی۔
شہباز شریف نے دوسری مرتبہ منصب سنبھالنے کے بعد اپنے دورہ سعودی عرب اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بارے میں بھی بتایا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور تجارتی وفد کا دورہ پاکستان بھی نتیجہ خیز ثابت ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا’ سعودی قیادت ان تعلقات کو وسعت دینے میں بہت سنجیدہ ہے۔ صرف سفارت کاری کے شعبے میں نہیں بلکہ سرمایہ کاری، تجارت، ثقافت اور دونوں ملکوں کے نوجوانوں میں تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں بھی‘۔