وزارت بلدیات کی ریستوران میں کارکنان کے لیے نئی پابندیاں
سعودی وزارت بلدیات و دہی ترقی کی جانب سے ریستورانوں میں کھانا تیار کرنے والی خواتین کارکنوں پر کام کے دوران مصنوعی ناخن اور پلکیں استعمال کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت بلدیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وہ کارکنان جو ہوٹلوں، کیفے ٹیریاز یا کیٹرنگ کمپنیوں کے کچن سے تعلق رکھتے ہیں یا کھانے تیار کرنے کے ماہر ہیں انہیں ڈیوٹی کے دوران تیز خوشبو استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
ہوٹلوں یا کھانے پینے کی اشیا کی تیاری کے شعبے سے براہ راست تعلق رکھنے والے ایسے مرد و خواتین کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ جسمانی اور کپڑوں کی صفائی کا بھی خاص خیال رکھیں تاکہ تیار کی جانے والی خوراک کو ہر قسم کی آلودگی سے محفوظ رکھا جاسکے۔
اشیائے خورونوش کی تیاری کے شعبے سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کےلیے لازمی ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران سگریٹ نوشی سے بھی اجتناب برتیں۔
کام کے دوران الیکٹرانک سگریٹ بھی استعمال نہ کی جائے۔ کچن کے ان مقامات پر جہاں خام مال جن میں گوشت ، سبزیاں یا دیگر اشیا موجود ہوتی ہیں وہاں جاتے وقت حفظان صحت کے اصولوں کی پانبدی کریں۔ کھانا تیار کرتے وقت ڈسپوزایبل دستانے استعمال کیے جائیں۔
کھانے کی تیاری کے دوران گھڑی یا کسی بھی قسم کا زیور نہ پہنا ہو۔
خواتین کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ناخوں پر نیل پالش کا استعمال بھی نہ کریں اور نہ ہی مصنوعی ناخن کھانے تیار کرتے وقت لگائیں۔
وزارت بلدیات کا کہنا تھا تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بعض جراثیم زیوارت میں ہوتے ہیں جن کی وجہ سے وہ کھانے کا آلودہ کرنے کا باعث بن سکتے ہیں اس لیے انکا استعمال کھانا پکانے کے دوران نہ کیا جائے۔