شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان میں آنکھوں کے علاج کے لیے طبی کیمپس
سعودی عرب کے امدادی ادارے شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے پاکستان میں آنکھوں کی بیماریوں کے علاج کے لیے لگائے گئے میڈیکل کیمپس کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
کے ایس ریلیف کی جانب سے جمعے کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن اور الابراہیم آئی ہسپتال کراچی کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ان طبی کیمپس میں اعلٰی سہولیات فراہم کی گئیں بالخصوص ان افراد کے لیے جو مالی مشکلات سے دوچار ہیں اور یا پھر مخصوص علاج کروانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
طبی کیمپس صوبہ سندھ اور بلوچستان کے ان دیہی اور شہری علاقوں میں لگائے گئے تھے جہاں آنکھوں کے علاج کے لیے محدود وسائل دستیاب ہیں۔
ان کیمپس کا بنیادی مقصد اندھے پن سے بچاؤ کے لیے آنکھوں کی بیماری کی ابتدا میں تشخیص کرنا اور علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت 18 ہزار 56 مریضوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ ایک ہزار 633 سرجریاں ہوئیں۔ اس کے علاوہ 3 ہزار 116 عینکیں تقسیم کی گئیں اور اس کے ساتھ ہی ادویات بھی دی گئیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ طبی کیمپ صوبہ سندھ کے شہر کراچی، سکھر اور کنڈیارو جبکہ بلوچستان کے ضلع کھاران میں لگائے گئے تھے۔