مسام پروجیکٹ کے تحت یمن سے دو ہزار سے زیادہ بارودی سرنگیں صاف
بحران کے آغاز سے اب تک تقریبا 50 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے(فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے 11 سے 17 مئی 2024 کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید دو ہزار10 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
عرب نیوز نے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے یمن کے مختلف علاقوں سے ایک ہزار980 بارودی سرنگیں،19 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اور11 اینٹی پرسنل بارودی سرنگوں کو تباہ کیا ہے۔
مارب، عدن، الجوف، لحج، صنعا، صعدہ، البیضا، الضالع، شبوہ، تعز، الحدیدہ اور دیگر علاقوں سے بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 42 ہزار77 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
یہ پروجیکٹ مقامی انجینیئرز کی بھی تربیت اورانہیں جدید آلات فراہم کرتا ہے جبکہ باردودی سرنگوں کی زد میں آنے والے یمنی شہریوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔
مسام پروجیکٹ کے مطابق یمن میں بحران کے آغاز سے اب تک تقریبا 50 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جن میں بیشتر بارودی سرنگوں کے باعث بے گھر ہوئے۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔