Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آرٹسٹ کا جازان کی ثقافت اجاگر کرنے کا منفرد انداز

جذبات و شناخت کے حوالے سے اس فن اور میرے وجود کے درمیان گہرا تعلق ہے۔ فوٹو انسٹاگرام
سعودی آرٹسٹ رحاب زکری فن کی دنیا میں اپنے لیے ایک مقام بناتے ہوئے جنوبی سعودی عرب کی بھرپور ثقافت اور شناخت کو منفرد انداز میں اجاگر کر رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق رحاب زکری نے 2020 میں جازان میں ثقافت اور آرٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے انفرادی نمائش کے بعد ورثے کے ساتھ جوڑتے ہوئے اپنے فن کو دیگر مختلف نمائشوں میں پیش کیا۔
سعودی آرٹسٹ 24 سالہ رحاب زکری کا یہ ہنر مختلف رنگوں سے نکھارے گئے نقش و نگار ہیں جو جازان شہر کی روزمرہ زندگی کے قدرتی مناظر کی عکاسی کرتا ہے۔
رحاب زکری نے بتایا  ہے کہ جازان میرا آبائی شہر ہے جو  قدرتی حسن اور عجائبات کا  خزانہ ہے  اور میری روح میں بسا ہے۔ یہاں بکھرے قدرتی رنگوں سے میرے فنی سفر کا آغاز ہوا ہے۔
آرٹ سے منسلک میرا ہر کام ایک منفرد کہانی ہے جو کہ دوستوں کے ساتھ کافی فارمز، خوبصورت پہاڑوں اور پرسکون وادی لاجاب سے متاثر ہے۔
رحاب کا فن مصوری کا سفر بچپن میں شروع ہوا جب ایک آرٹ ٹیچر نے انہیں ڈرائنگ کے مقابلے میں حصہ لینے پر راغب کیا جس کے بعد پینٹنگ سے محبت مکمل جذبے میں بدل گئی۔

دور دراز سے نمائش دیکھنے آنے والوں کا استقبال کرکے خوشی ہوتی ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

جازان  میں ہونے والے ڈرائنگ اور پینٹنگ کے مقابلے میں رحاب نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور اس کے بعد قومی سطح کے مقابلے میں چوتھا مقام حاصل کیا۔
مصوری کی دنیا میں اس خاص پہچان اور شناخت نے ان کے خوابوں کو تقویت بخشی جس کے بعد انہیں مزید  آگے بڑھنے کا حوصلہ ملا۔
رنگوں کے ذریعے اظہار خیال کی آزادی کی خواہش اور جذبات سے بھرپور پینٹنگز انہیں اپنے جذبات اور خیالات کو دلکش انداز میں بیان کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

آرٹ سے منسلک میرا ہر کام ایک منفرد کہانی ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

رحاب نے بتایا کہ تصویر کے ہر سٹروک جذبات اور شناخت کے حوالے سے میرے فن اور میرے وجود کے درمیان گہرا تعلق قائم کرتا ہے۔
سعودی آرٹسٹ نے اپنے گھر کا ایک حصہ اپنے فن کے لیے مختص کر رکھا ہے جہاں وہ پینٹنگز سے متعلق اجتماعات کے علاوہ ہونے والی ورکشاپس کی میزبانی کرتی ہیں۔
وہ اپنی ساتھی آرٹسٹ اور جازان کی خوبصورتی و شناخت اپنی آنکھوں سے دیکھ کر تجربہ کرنے والوں کا خیرمقدم کرتی ہیں۔

مصوری کی دنیا میں خاص پہچان نے میرے خوابوں کو تقویت بخشی۔ فوٹو انسٹاگرام

رحاب ذکری نے بتایا کہ دور دراز سے  آنے والوں کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہوتی ہے۔
سعودی مصورہ آرٹ کی دنیا میں نئے مواقع کی تلاش میں پرجوش دکھائی دیتی ہیں، انہوں نے انسٹاگرام کے ذریعے اپنے فن پاروں کو نمائش کے لیے پیش کر کے کمیونٹی کے ساتھ منسلک رہتی ہیں۔
 

شیئر: