Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور میں شاہ رخ خان کے آبائی گھر کے قریب تاریخی درخت کاٹ دیا گیا

یہ تاریخی درخت 15 فٹ لمبا اور پانچ فٹ چوڑا تھا اور اس کی شاخیں 50 میٹر تک پھیلی ہوئی تھیں (فائل فوٹو: اردو نیوز)
پشاور کے قدیم قصہ خوانی بازار میں 300 سالہ قدیم درخت کو کاٹ دیا گیا ہے۔
بازار کے عقب میں شاہ ولی قتال گلی میں موجود 300 برس قدیم درخت پانچ جون (بدھ) کی شب اچانک گرا دیا گیا تھا۔
جب یہ درخت کو گرایا گیا تو وہاں محکمہ اوقاف اور پولیس کے اہلکار بھی موجود تھے۔ 
مقامی بازار کے تاجر نبی گل نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’شاہ ولی قتال کے قدیم بازار میں نہ صرف ایک بزرگ کا مزار ہے بلکہ بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کا آبائی گھر بھی اسی بازار میں ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’تاریخی درخت 15 فٹ لمبا اور 5 فٹ چوڑا تھا اور اس کی شاخیں 50 میٹر تک پھیلی ہوئی تھیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس درخت کے سائے میں مزدوروں کے علاوہ مقامی لوگ سستاتے اور ایک دوسرے سے گپ شپ کرنے کے علاوہ قہوہ نوش کیا کرتے تھے۔ 
نبی گل نے کہا ’افسوس یہ درخت اب نہیں رہا جس نے اپنے سینے میں صدیوں پرانے پشاور کی تاریخ کو سمیٹا ہوا تھا۔‘
محکمہ اوقاف نے درخت کیوں کاٹا؟ 
بازار کے عہدیداروں نے کہا کہ ’اس قدیم درخت کے قریب محکمہ اوقاف کی دکانیں ہیں جن کو توسیع دینے کے لیے پرانے درخت کو گرا دیا گیا۔‘
تاہم محکمہ اوقاف نے اس حوالے سے موقف اختیار کیا کہ ’درخت کو گرانے کے لیے باقاعدہ طور پر این او سی لیا گیا تھا جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔‘
صوبائی وزیر اوقاف کا نوٹس
بزرگ درخت کے کاٹنے کی خبر پر صوبائی وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور عدنان قادری نے نوٹس لے کر انکوائری کی ہدایت کر دی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’درخت کاٹنے کا عمل میرے علم میں لائے بغیر انجام دیا گیا تاہم مجھے  درخت کاٹنے کے لیے اجازت نامہ حاصل کیے جانے کا بتایا گیا ہے۔‘

شاہ ولی قتال میں بالی وڈ اداکار شار رخ خان کے والد تاج محمد خان کا آبائی گھر موجود ہے (فائل فوٹو: اردو نیوز)

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ’درخت کاٹنے کا این او سی موجود ہونے کے باوجود انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ درخت کو کاٹنے کے عمل میں اگر غیرقانونی محرکات سامنے آئے تو قانونی کارروائی کریں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اندرون شہر میں موجود برسوں پرانے درختوں کا تحفظ محکمہ اوقاف نے ہی یقینی بنانا ہے۔‘
شاہ ولی قتال میں بالی وڈ اداکار شار رخ خان کے والد تاج محمد خان کا آبائی گھر موجود ہے جس کو دیکھنے بچپن میں شاہ رخ بھی یہاں کچھ دن رہنے کے لیے آئے تھے۔
شاہ ولی قتال کے گھر میں آج بھی شاہ رخ خان کے  تایا زاد کزن رہائش پذیر ہیں۔ 

شیئر: