Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دفتر سے چھٹی لے کر آنے والا‘ انجینیئر جس نے پاکستانی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا

سوربھ نیتراولکر نے سپر اوور میں پاکستان کے خلاف 18 رنز کا کامیاب دفاع کیا (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ کے بڑے ’اپ سیٹ‘ میں پاکستان کرکٹ ٹیم امریکہ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئی۔
جمعرات کو امریکی ریاست ٹیکساس کے گرینڈ پرائیر سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں امریکی ٹیم نے پاکستان کو مشکلات سے دوچار کر دیا اور 160 رنز کے تعاقب میں 159 رنز بنا کر میچ کو سُپر اوور کی جانب دھکیل دیا۔
سُپر اوور میں امریکہ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا اپنا دوسرا میچ بھی جیت لیا۔
اس میچ کو رواں سال کے ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے اور غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے پر پاکستانی ٹیم کو انٹرنیٹ پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
جہاں کرکٹ شائقین پاکستان ٹیم پر غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں وہیں امریکہ کے کچھ ایسے کھلاڑی بھی ہیں جنہیں کل کے میچ کے بعد کافی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
ایسے ہی ایک کھلاڑی سوربھ نیتراوالکر ہیں جو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہے ہیں، اور اس کی وجہ نہ صرف ان کی سُپر اوور میں شاندار بولنگ بلکہ پیشے کے اعتبار سے انجینیئر ہونا ہے۔
32 سالہ سوربھ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’اوریکل‘ میں پچھلے آٹھ برسوں سے سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کر رہے ہیں اور وہ کمپنی میں ٹیکنیکل سٹاف کے سینیئر ممبران میں سے ایک ہیں۔
 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سوربھ کی لنکڈ اِن پروفائل بھی وائرل ہوچکی ہے جس سے ان کے تعلیمی اور پروفیشنل کیریئر کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

سنہ 1991 میں ممبئی میں پیدا ہونے والے سوربھ نیتراولکر سنہ 2013 میں رانجی ٹرافی میں ممبئی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں اور وہ امریکہ جانے سے قبل انڈیا کی انڈر 19 ٹیم کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔
سوربھ نے 2008 سے 2009 کے ڈومیسٹک کرکٹ کیرئیر کے دوران چھ میچوں میں 30 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ وہ جنوبی افریقہ میں انڈر 19 سہ ملکی ٹورنامنٹ میں آٹھ وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بھی رہ چکے ہیں۔
امریکہ جانے کے بعد انہیں 2018 میں ٹیم میں سلیکٹ کیا گیا اور 2019 میں وہ امریکی ٹیم کے کپتان مقرر ہوئے۔
سوربھ کا کرکٹ کھیلنے کا خواب امریکہ میں پورا ہوا اور وہ اس سال کے ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکی ٹیم کا حصہ ہیں۔ تاہم پاکستان کے خلاف پہلے ہی میچ میں نیتراولکر سوشل میڈیا سٹار بن ہیں گئے جب انہوں نے شاداب خان اور افتخار احمد کی ہارڈ ہٹنگ بیٹنگ کے خلاف سپر اوور میں 18 رنز کا کامیاب دفاع کیا۔
سوربھ کی شاندار کارکردگی پر نہ صرف کرکٹ شائقین نے ردعمل دیا بلکہ انکی اپنی کمپنی نے بھی ان کے لیے ایکس پر پیغام جاری کیا ہے۔

اوریکل نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’امریکہ کی کرکٹ ٹیم کو تاریخی فتح پر مبارکباد، ہمیں امریکی ٹیم اور ہمارے انجینئر پر فخر ہے۔‘
ایکس پر وائرل ایک اور پوسٹ میں ذکر کیا گیا کہ سوربھ نے اپنے آفس سے ورلڈ کپ کے لیے 17 جون تک چھٹیاں لی ہوئی ہیں۔ اگر امریکہ کی ٹیم سُپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو انہیں اپنی چھٹیوں میں توسیع لینی پڑے گی۔

ایک اور سوشل میڈیا صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’اوریکل کے ایک سافٹ ویئر انجینیئر نے پاکستان کو شکست دے دی۔‘

شیئر: