Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نریندر مودی کی حلف برداری، ’نیبرہُڈ فرسٹ پالیسی‘ کے تحت کون کون مدعو؟

مالدیپ کے صدر محمد معیزو کی بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو دارالحکومت دہلی میں پڑوسی ممالک کے سربراہوں سمیت غیرملکی معززین کی موجودگی میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ نریندر مودی حلف برداری کی تقریب کے اگلے دن غیرملکی رہنماؤں سے خصوصی ملاقات بھی کریں گے۔
مالدیپ کے صدر محمد معیزو کی بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔
امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آج صدر محمد معیزو کئی سینیئر عہدیداروں سمیت نئی دہلی روانہ ہوں گے۔
بنگلہ دیش، سری لنکا، بھوٹان، نیپال، ماریشس اور افریقی ملک سیشیلز کے سربراہان ان ممالک میں شامل ہیں جنہیں نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد، سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے اور نیپال کے وزیراعظم پشپا کمال ڈھال پرچندا نے تقریب میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔
وزیراعظم پشپا کمال ڈھال پرچندا اور رانیل وکرما سنگھے 9 جون کو دہلی پہنچیں گے جبکہ وزیراعظم حسینہ واجد کا آج پہنچنے کا امکان ہے۔
انڈین خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق نیپال کے وزیراعظم اور انڈین وزیراعظم کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی اور اسی دوران نیپال کے وزیراعظم نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تصدیق کی۔
نئی دہلی نے ان رہنماؤں کو انڈیا کی ’نیبرہُڈ فرسٹ پالیسی‘ کے تحت مدعو کیا ہے۔
اگر مالدیپ کے صدر محمد معیزو انڈیا کا دورہ کرتے ہیں تو یہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
مالدیپ کے سابق صدر عبداللہ یامین نے مئی 2014 میں مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
نومبر 2023 میں صدر محمد معیزو کے اقتدار میں آنے کے بعد انڈیا اور مالدیپ کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔ انہوں نے اپنے ملک سے انڈین فوجیوں کے انخلا کا حکم بھی دیا تھا۔
انڈیا کے عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیرِ قیادت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے 293 نشستوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ حزب اختلاف کے انڈیا بلاک نے 234 نشستیں حاصل کیں۔

شیئر: