مدینہ منورہ میں عازمین حج کےلیے سمارٹ روبوٹ سروس
سروس کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے عازمین کی سیفٹی اور آگاہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے قریب مرکزیہ میں ایک سمارٹ روبوٹ سروس کا آغاز کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سمارٹ روبوٹ سروس کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے عازمین کی سیفٹی اور آگاہی کے لیے دنیا کی 96 سے زیادہ زبانوں میں تعلیمی پیغامات اور صحت سے متعلق مشورے دینا اور انہیں براڈ کاسٹ کرنا ہے۔
علاوہ ازیں مدینہ منورہ میں وزارت کے رضاکار اور آگاہی ٹیمیں 220 رضاکاروں کے ساتھ اپنا فیلڈ ورک جاری رکھے ہوئے ہیں۔12 سے زیادہ ٹیمیں عازمین حج کی خدمت کے لیے چوبیس گھنٹے کام کررہی ہیں۔
یہ ٹیمیں مسجدِ نبوی اور اس کی جانب جانے والی سڑکوں، امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، حرمین ٹرین سٹیشن کے ساتھ مسجد قبا، خندق، سید الشہدا اور میقات ذو الخلیفہ کی مساجد میں صحت اور ہنگامی خدمات فراہم کرتی ہیں۔
علاوہ ازیں عازمین کے استقبالیہ مراکز، مختلف مالز، ہیلتھ سینٹرز سمیت کئی مقامات پر 97 سمارٹ ڈسپلے سکرینں لگائی گئی ہیں۔
پانچ مختلف زبانوں عربی، انگریزی اردو، فرانسیسی اور فارسی میں صحت آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ مختلف میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
طبی ٹیموں کی جانب سے ان مقامات پر فیلڈ ٹورز کیے جاتے ہیں جہاں عازمین اکثر آتے ہیں، ان میں ہوٹلز شامل ہیں۔
آگاہی مہم میں عازمین کو براہ راست سورج کی تپش سے بچنے، گرمی، تھکن، پانی کی کمی، فوڈ پوائزنگ، ابتدائی طبی امداد، حفظان صحت اور دیگر صحت موضوعات ہیں تاکہ عازمین صحت کے حوالے سے کسی مشکل کا شکار نہ ہوں۔