شہزادہ فیصل بن فرحان اور روسی وزیر خارجہ کی ملاقات، تعاون بڑھانے کا جائزہ
شہزادہ فیصل بن فرحان اور روسی وزیر خارجہ کی ملاقات، تعاون بڑھانے کا جائزہ
پیر 10 جون 2024 21:30
علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو نزنی نو گوروڈ میں برکس اجلاس کے موقع پر روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران سعودی عرب اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات، مشترکہ تعاون اور مختلف شعبوں میں اسے بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر روس میں سعودی سفیر عبدالرحمن الاحمد اور وزارت خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
یاد رہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان پیر کو برکس کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے روس کے شہر نزنی نوگوروڈ پہنچے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ اجلاس کے دوران دوطرفہ ملاقاتوں میں برکس ممالک کے وزرا کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے امور اور ترجیحات، بین الاقوامی منظرنامے کی صورتحال اور دنیا کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔