Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی مہمانوں کی مسجد الحرام آمد رفت کےلیے چوبیس گھنٹے شٹل سروس

رہائش سے مسجد حرام تک آمد ورفت کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور نے خادم حرمین شریفین کے پروگرام کے تحت شاہی مہمانوں کےلیے چوبیس گھنٹے کی ’فریکوئنسی ٹرانسپورٹیشن سروس‘ فراہم کی ہے۔
 خادم حرمین شریفین پروگرام کے تحت خدمت کےلیے کی جانے والی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر عازمین کو ان کی رہائش سے مسجد حرام تک آمد ورفت کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے’ بس سروس کی فراہمی کا مقصد عازمین کو مسجد حرام اور اپنی رہائش تک آمد ورفت میں سہولت فراہم کرنا اور سڑکوں پر رش کم کرنا ہے‘۔
شاہی مہمانوں نے مسجد الحرام تک آمد ورفت کو آسان بنانے کے لیے بس سروس پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’شاہ سلمان اور ولی عہد کی قیادت میں مملکت کی سلامتی کےلیے دعا گو ہیں‘۔
واضح رہے سعودی وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کی ہدایت پر شاہی مہمانوں کی خدمت کے لیے قائم کمیٹیاں عازمین کی آمد کے طریقہ کار کو آسان بنانے، طعام و قیام، آمد و رفت کے علاوہ دیگر خدمات فراہم کر رہی ہیں۔

شیئر: