Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شدید گرمی آپ کی صحت کو پانچ طریقوں سے کیسے متاثر کرتی ہے؟

ڈبلیو ایچ او کے مطابق ہیٹ ویو قدرتی خطرات میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
شدید گرمیوں کے اس موسم میں ایسی بیماریاں عام ہیں جن کی وجہ زیادہ درجہ حرارت ہے۔ شدید گرمی صحت کے کچھ سنگین مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق دل کا دورہ پڑنا، چکر آنا، متلی، بے ہوشی، پٹھوں میں درد، سر درد، تھکاوٹ اور زیادہ پسینہ شدید گرمی کے کچھ مضر اثرات ہیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق 2004-2000 اور 2017-2021 کے درمیان 65 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی گرمی سے اموات میں تقریباً 85 فیصد اضافہ ہوا۔
ڈبلیو ایچ او نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہیٹ ویو قدرتی خطرات میں سب سے زیادہ خطرناک ہے اور یہاں تک کہ ہیٹ ویو کی ہلکی شدت بھی کمزور افراد کو متاثر کر سکتی ہے۔
ذیل میں ہم ہیٹ ویو کے انسانی صحت پر اثرات اور اس سے بچاؤ کے طریقے بیان کر رہے ہیں۔

شدید گرمی انسانی صحت کو کیسے متاثر کرتی ہے؟

1: دل کی دھڑکن کا تیز ہونا
جب آپ گرمی محسوس کرتے ہیں تو آپ کی دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے۔ آپ کے جسم کو زیادہ درجہ حرارت میں زیادہ مشقت کرنی پڑتی ہے، اس کے نتیجے میں دل کی دھڑکن بڑھ سکتی ہے۔
2: چکر آنا
گرمی انسانی جسم میں پانی کی کمی کر سکتی ہے اور پانی کی یہ کمی آپ کے دماغ کے لیے کافی خون حاصل کرنا مزید مشکل بنا سکتی ہے۔ اس سے آپ کو چکر آ سکتے ہیں۔

گرمی انسانی جسم میں پانی کی کمی کر سکتی ہے اور اس سے آپ کو چکر آ سکتے ہیں۔ (فائل فوٹو: فزیشن پریمیئر)

3: فشار خون میں کمی
گرمیوں میں مسلسل پسینے کی وجہ سے جسم میں فلیوڈز اور الیکٹرولائٹس کم ہو جاتے ہیں۔ گرمی آپ کے خون کی نالیوں کو بھی پھیلا دیتی ہے۔ یہ فشار خون میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔
4: تھکن
شدید گرمی سے آپ تھکاوٹ کا شکار ہو سکتے ہیں اور متلی شروع ہو سکتی ہے۔ اس تھکاوٹ کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اگر یہ ٹھیک نہ ہو تو ہیٹ سٹروک ہو سکتا ہے۔
5: جسم میں پانی کی کمی
ضرورت سے زیادہ پسینہ پانی کی کمی کا باعث بن سکتا ہے۔ پانی کی کمی سر درد، چکر آنا، غنودگی، پیشاب میں کمی، منہ خشک، فشار خون میں کمی اور بہت سے ایسے مسائل کی وجہ بن سکتی ہے۔

شدید گرمی میں اپنی جلد کو بچانے کے لیے سن سکرین کا استعمال کریں۔ (فائل فوٹو: امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن)

بچاؤ کے لیے کیا کریں

1: زیادہ پانی پیئیں اور کیفین اور الکوحل سے پرہیز کریں۔
2: بچوں اور جانوروں کو گاڑیوں یا کسی تنگ جگہ پر نہ چھوڑیں۔
3: گھر سے باہر کی سرگرمیاں محدود کریں، خاص کر شدید گرمی کے اوقات میں۔
4: اگر آپ کو گرمی سے ہونی والی بیماریوں کی علامات نظر آئیں تو ڈاکٹر کی مدد لیں۔
5: اپنی جلد کو بچانے کے لیے سن سکرین کا استعمال کریں۔
6: اس وقت باہر نکلیں جب گرمی کی شدت کم ہو۔

شیئر: