Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کیسے حج کو ماحول دوست بنا رہا ہے؟

مسجدالحرام میں الیکٹرک بائیکس کی ایک فلِیٹ ہے۔ (فوٹو: شٹرسٹاک)
ہر سال تقریباً 20 لاکھ لوگ فریضہ حج ادا کرنے سعودی عرب جاتے ہیں لیکن اس یادگار موقعے کا ماحول پر بھی نمایاں اثر پڑتا ہے۔
عرب نیوز میں شائع مضمون کے مطابق سعودی عرب نے ایسے اقدامات کیے ہیں کہ جن سے عازمین کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ مناسک حج ادا کرتے ہوئے کوڑا کرکٹ کم پھیلائیں، اور وسائل کا درست استعمال کریں۔
مختلف سرکاری ادارے کوڑا کرکٹ کے انتظام، ماحول کے تحفظ کے شعور کو فروغ دینے اور ماحول پر کوڑے کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں نیشنل ویسٹ مینجمنٹ سینٹر نے کہا ہے کہ ’زمین پر مقدس ترین مقامات کے ماحولیاتی تحفظ کے لیے مربوط کوششوں کے ساتھ ایم ڈبلیو اے این کی معائنہ کار ٹیمیں محفوظ طریقے سے کوڑا کرکٹ کا بندوبست کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں تاکہ عازمین مناسک حج سہولیات کے ساتھ اور پُرسکون ماحول میں ادا کر سکیں۔‘
ادارے کی ٹیموں نے مئی میں مکہ اور مدینہ میں ویسٹ مینجمنٹ سیکٹر میں 49 آپریشنل سہولیات کا معائنہ کیا تاکہ ویسٹ مینجمنٹ کے ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
نیشنل ویسٹ مینجمنٹ سینٹر (ایم ڈبلیو اے این) کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد حجاج کرام کی خدمت، قدرتی وسائل کے استعمال کو بہتر بنانے، صحت عامہ اور پائیدار ماحول کو فروغ دینے کے لیے اقدامات متعارف کرانا ہے۔

مسجدالحرام میں صفائی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

اسی طرح سے نیشنل سینٹر فار انوارمینٹل کملائنس حج سیزن سے قبل، دوران اور بعد میں ڈیٹا اکٹھا کرنے اور ہوا کے معیار کی نگرانی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
یہ مرکز ماحولیاتی ضوابط اور معیار کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے مقامات کا معائنہ کرتا ہے۔
پینے اور وضو کرنے کے لیے صاف پانی مقدس مقامات کے آس پاس اور راستوں میں مہیا کیا جاتا ہے تاکہ عازمین حج اور عمرہ ادا کرنے والوں کو پانی کی کمی سے مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے پانی کے بنیادی ڈھانچے میں اضافے کے لیے 10 منصوبے شروع کیے ہیں، جن میں دو ہزار ملازمین حجاج کو خدمات فراہم کرنے کے لیے وقف ہیں۔

ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیمیں باقاعدگی سے صفائی کا معائنہ کرتی ہیں۔ (فوٹو: این سی ڈبلیو ایس ایم اے)

دوسری جانب محکمہ موسمیات موسم کی صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔
بہت سے ماحولیاتی چیلنجز کے باوجود حج سیزن حاجیوں کے لیے پائیدار طریقوں کو اپنانے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔ چاہے وہ الیکٹرک گاڑی سے سفر کرنے کا انتخاب کریں، نئے کپڑے خریدنے کے بجائے پرانے کپڑوں کا دوبارہ استعمال کریں یا قابل استعمال بوتل ساتھ رکھ کر جائیں۔

شیئر: