یونیسکو کے تخلیقی شہروں کے نیٹ ورک میں سعودی علاقے الاحسا کی اہم کامیابی
الاحسا نیٹ ورک میں شامل ہونے والا پہلا خلیجی اور تیسرا عرب شہر ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے علاقے الاحسا کے نمائندے ڈاکٹر ابراہیم الشبیت نے یونیسکو کے تخلیقی شہروں کے نیٹ ورک میں دستکاری اور لوک فنون کے شعبے میں نائب صدر کا عہدہ حاصل کیا ہے۔
الاحسا 2015 میں یونیسکو کے تخلیقی شعبے کے نیٹ ورک کا حصہ بنا تھا جو دنیا کے 66 شہروں پر مشتمل ہے۔
الاحسا کو یہ کامیابی بھر پور ثقافتی ورثے، دستکاری اور فنون لطیفہ کے میدان میں گہری تاریخ اور تخلیقی صلاحیت کے باعث ملی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ایک مشترکہ کوشش کا حصہ ہے جس میں الاحسا میونسپلٹی، الاحسا گورنریٹ، کلنری آرٹس کمیشن، سعودی قومی کمیشن برائے تعلیم، ثقافت اور سائنس، ہیریٹج کمیشن اور رائل انسٹی ٹیوٹ فار ٹریڈیشنل آرٹس شامل ہیں۔
الاحسا نے دستکاری اور لوک فنون کی پائیداری، ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں کے درمیان تعلق کو فروغ دینے، مربوط کرنے اور اجاگر کرنے پر کام کیا۔
اس شہر نے جنوبی کوریا، پولینڈ، فرانس، امریکہ، آسٹریلیا، اور برازیل میں ہونے والے مختلف اجلاسوں اور کانفرنسوں کے ذریعے دنیا بھر کے دیگر تخلیقی شہروں کے ساتھ دستکاری اور لوک فنون کے تحفظ میں اپنی مہارت کا اشتراک کیا۔
الاحسا اس نیٹ ورک میں شامل ہونے والا پہلا خلیجی اور عرب دنیا کا تیسرا شہر ہے۔