شہری فوری طور پر لبنان چھوڑ دیں، سعودی سفارتخانے کی ہدایت
شہری کسی ہنگامی صورت حال میں سفارتخانے سے رابطہ کرسکتے ہیں ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
لبنان میں سعودی سفارتخانہ نے سنیچر کو کہا ہے کہ’ وہ جنوبی لبنان میں حالیہ واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے‘۔
عرب نیوز کے مطابق ایک بیان میں سفارتخانے نے تمام سعودی شہریوں پر زور دیا کہ ’وہ لبنان کا سفر کرنے سے گریز کریں اور وہاں موجود شہری فوری طور پر لبنانی سرزمین چھوڑ دیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ شہری ضرورت اور کسی ہنگامی صورت حال میں سفارتخانے سے رابطہ کرسکتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے دونوں فریقین کے درمیان تقریباً روزانہ فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔
رواں ماہ دونوں اطراف سے اس طرح کے تبادلے میں اضافہ ہوا ہے۔ اسرائیل کی فوج نے کہا کہ لبنان پر حملے کے منصوبے کی ’منظوری اور توثیق‘ ہو چکی ہے۔
سنیچر کو ایران نے خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر حملہ کیا تو ایران اور اس کے علاقائی اتحادیوں پر مشتمل گروپ اس کا مقابلہ کرے گا۔
اے ایف پی کے مطابق نیو یارک میں ایران کے مشن کا یہ تبصرہ اسرائیل اور لبنان میں ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کے درمیان ایک وسیع علاقائی جنگ کے خدشے کے تحت سامنے آیا ہے۔