Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

9 ریکروٹنگ ایجنسیوں کے لائسنس معطل، 23 آجروں پر جرمانے

یہ آجر آئندہ گھریلو ملازم حاصل نہیں کرسکیں گے۔ (فوٹو وزارت افرادی قوت ویب سائٹ)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران گھریلو ملازمین کے لیے ضوابط کی خلاف ورزی پر 23 آجروں پر جرمانے عائد کیے ہیں۔
عکاظ کے مطابق وزارت نے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر کہا کہ گھریلو ملازمین کے ضوابط کی خلاف ورزی پر 9 ریکروٹنگ ایجنسیوں کے لائسنس معطل کردیے گئے۔
 آجروں کے خلاف جو شکایات سامنے آئیں ان میں اپنے گھریلو ملازمین کی خدمات تیسرے فریق کو فراہم کرنا، گھریلو ملازمین کو اپنے اکاونٹ پر کام کی اجازت دینا، انہیں وہ کام تفویض کرنا جس پر پہلے اتفاق نہیں کیا گیا تھا۔ خلاف ورزیوں پر مالی جرمانے عائد کیے گئے اور انہیں گھریلو ملازم کے حق سے محروم کردیا گیا۔
وزارت کا کہنا ہے جن ریکروٹمنٹ دفاتر کے لائسنس معطل کرنے کے فیصلے جاری ہوئے ان میں بھرتی کے لیے لیبر سروسز کی فراہمی کے قواعد پر عمل نہ کرنا، کلائنٹس کو مالی رقوم کی واپسی میں تاخیر، ریکروٹنگ دفاتر کا آجروں کی شکایات دور کرنے میں ناکامی شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ وزارت کی ٹیمیں ریکروٹنگ ایجنسیوں کی مسلسل نگرانی کرتی ہیں۔ بھرتی کے عمل اور لیبر سروسز کی فراہمی کےلیے قواعد و ضوابط کو یقینی بناتی ہیں۔ اس سے آجروں اور اجیروں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے۔ 
وزارت کا کہنا ہے کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع مساند کے ٹول فری نمبر یا سمارٹ فون پر ’مساند‘ ایپلی کیشن کے ذریعے دی جاسکتی ہے۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: