Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں لیبر پارٹی کی تاریخی فتح، پاکستان کی نامزد وزیراعظم کیئر سٹارمر کو مبارکباد

لیبر پارٹی نے ہاؤس آف کامنز (دار العوام) کے 650 میں سے 410 نشستوں پر کامیابی حاصل کی (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نومنتخب نامزد برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کو الیکشن میں ان کی پارٹی کی تاریخی فتح پر مبارکباد دی ہے۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق جمعے کو اسحاق ڈار نے نئے برطانوی وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ’گہرے اور وسیع البنیاد روابط‘ پر زور دیا۔
برطانیہ کی لیبر پارٹی نے ان انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کرتے ہوئے حریف کنزرویٹو پارٹی کے 14 برس کے اقتدار کا خاتمہ کر دیا ہے۔
لیبر پارٹی نے ہاؤس آف کامنز (دار العوام) کے 650 میں سے 410 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ کنرویٹو پارٹی کے امیدوار محض 118 نسشتیں حاصل کر سکے۔
کیئر سٹامر نے جمعے ہی کو باقاعدہ طور پر وزیراعظم کا عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
اس موقعے پر پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’میں لیبر پارٹی کے رہنما کیئر سٹارمر کو برطانیہ کے پارلیمانی انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کرنے پر مبارک پیش کرتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور برطانیہ کے مشترک گہرے اور وسیع البنیاد روابط ہیں جن کی بنیادیں تاریخ اور عوام کے عوام سے تعلقات میں پیوست ہیں۔‘
اسحاق ڈار نے کیئر سٹارمر کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم  کرنے سے متعلق اعتماد کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ دونوں ملک عالمی امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔
برطانیہ میں الیکشن کے نتائج سامنے آنے کے بعد سابق وزیراعظم رشی سوناک اپنی سرکاری رہائش گاہ سے بکنگھم پیلس شاہ چارلس سوم کو اپنا استعفیٰ پیش کرنے روانہ ہو گئے۔
اس سے قبل رشی سوناک نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور وہ کیئر سٹارمر کو مبارک باد دیتے ہیں۔

شیئر: