فلسطینی بچوں اور کینسر کے مریضوں کا 18 واں گروپ امارات پہنچ گیا
طبی ٹیموں نے فوری طور پر علاج کےلیے ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ (فوٹو: وام)
فلسطینی زخمی بچوں اور کینسر کے مریضوں کا 18 واں گروپ سنیچر کو امارات پہنچ گیا۔
امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے انیٹشیٹو کے تحت غزہ کے ایک ہزار زخمی بچوں اور ایک ہزار کینسر کے مریضوں کا امارات کے اسپتالوں میں علاج کیا جائے گا۔
18 ویں گروپ میں آنے والے بچوں اور کینسر کے مریضوں کو طبی ٹیموں نے فوری طور پر ہسپتالوں میں منتقل کیا۔
امارات کی وزارت خارجہ میں ترقیاتی اور بین الاقوامی تنظیموں کے امور کے معاون وزیر سلطان محمد الشمسی نے فلسطینی شہریوں کو علاج اور ہیلتھ کیئر کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے امارات کی قیادت کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ فلسطینی جن انسانی مصائب کا سامنا کررہے ہیں انہیں دور کیا جا سکے۔
اب تک غزہ سے ایک ہزار 534 سے زیادہ زخمی فلسطینی بچوں اور کینسر کے مریضوں کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ معصر کے العریش ایئرپورٹ سے ابوظبی لایا گیا ہے۔ ان کا ہسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔
اماراتی وزیر نے زخمی فلسطینی بچوں کی منتقلی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مصر کی کوششوں کو بھی سراہا۔ امارات لائے جانے والے بچوں اور کینسر کے مریضوں کا انتخاب ایک خصوصی میڈیکل ٹیم کے ذریعے کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ امارات کی جانب سے 5 نومبر کو بحران کے آغاز سےغزہ کے متاثرین کےلیے امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ اس کےلیے 20 ملین ڈالر کا امدادی پیکج مختص کیا گیا ہے۔
غزہ میں 150 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بھی کام کررہا ہے۔
رفح کے علاقے میں صاف پانی کےلیے پلانٹ لگائے گئے ہیں۔ ان کا مقصد غزہ میں پینے کے پانی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔