سعودی شوری کونسل کی جی 20 خواتین پارلیمنٹرینز کے اجلاس میں شرکت
سعودی شوری کونسل کی جی 20 خواتین پارلیمنٹرینز کے اجلاس میں شرکت
ہفتہ 6 جولائی 2024 20:15
سعودی وفد نے پالیسوں اور قانون سازی میں نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی شوری کونسل کے ایک وفد نے برازیل میں جی 20 خواتین پارلیمنٹریینز کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
سعودی وفد میں کونسل کی ارکان ڈاکٹر مونا آل مشیط اور ڈاکٹر عالیہ دھلوی شامل تھیں۔
شوری کونسل کی رکن عالیہ دھلوی نے اپنے خطاب میں سعودی قیادت کی سپورٹ اور وژن 2030 کے تحت قومی ترقی میں خواتین کی شرکت کے حوالے سے پالیسوں اور قانون سازی میں نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا۔
ایس پی اے کے مطابق ان کا کہنا تھا ’سعودی عرب کے وژن 2030 کے ساتھ مملکت کے تبدیلی کے سفر نے موثر طریقے سے سب کےلیے روزگار کے متنوع مواقع پیدا کیے ہیں، جس سے جامع اقتصادی ترقی اور مساوی مواقع کو یقینی بنایا گیا ہے جو قوم کی خوشحالی میں معاون ہیں‘۔
انہوں نے کہا’ حالیہ برسوں میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس وقت لیبر مارکیٹ میں خواتین کی شرکت35.3 فیصد ہے‘۔
’ مملکت میں کوششوں کے ذریعے خواتین تجارت، انجینئرنگ، سپورٹس، انصاف ٹیکنالوجی اور بہت سے دیگر شعبوں میں قومی ترقی میں شراکت دار بن چکی ہیں‘۔
سال 2024 کے لیے برازیل کی صدارت میں دوروزہ اجلاس میں جی 20 کی قانون ساز اسمبلیوں کی خواتین پارلیمنٹرینز اور بین الاقوامی تنظیموں اور بین الپارلیمانی یونین کے متعدد نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں کئی موضوعات کا احاطہ کیا گیا جس میں کلائمٹ جسٹس، ماحولیاتی پائیداری میں خواتین کا کردار اور شرکت اور خواتین کو معاشی بااختیار بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔