مکہ ریجن میں گرد وغبار، مشرقی علاقوں میں گرمی کا سلسلہ جاری
بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے کہ مملکت کے متعدد شہروں میں گرمی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ مکہ ریجن کے متعدد علاقے گردو غبار کی لپیٹ میں رہیں گے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے موسمیاتی مرکز کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں سوموار کی صبح سے جاری گرد و غبار کا سلسلہ شام تک رہے گا۔
جدہ شہر سمیت الجموم اور بحرہ کمشنری کے علاقے بھی شدید گرد وغبار کی لپیٹ میں رہیں گے۔ غبار کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔
موسمیاتی مرکز کا کہنا ہے کہ سوموار کو الاحساء کا علاقہ سب سےزیادہ گرم ہوگا جہاں پارہ 46 ڈگری جبکہ السودہ کے پہاڑی سلسلے میں 14 ڈگری تک رہے گا۔
دمام ، الخرج ، وادی الدواسر اورحفر الباطن میں درجہ حرارت 45 جبکہ مکہ مکرمہ ، ریاض اور شرورہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگا۔
موسمیاتی مرکز کی رپورٹ کے مطابق السودہ کے پہاڑی سلسلے کے بعد الباحہ ریجن میں درجہ حرارت 19 ڈگری جبکہ طریف میں 20 اورالقریات میں 21 ڈگری رہے گا۔
مشرقی ریجن کے ساتھ مکہ ، جازان ہائے وے بھی گرد غبار کی لپیٹ میں رہے گی جس کی وجہ سے شاہراہ پر حد نگاہ متاثر ہو گی۔
دوسری جانب عسیر ، جازان اور الباحہ کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔ مشرقی ریجن کے دیگر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔