Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں نیٹ فلکس صارفین پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا

پاکستان میں نیٹ فلکس صارفین کو ڈیبٹ کارڈ سے سبسکرپشن فیس ادا کرنے پر 3 فیصد سیلز ٹیکس دینا پڑے گا (فوٹو: پکسا بے)
پاکستان میں سندھ ریونیو بورڈ نے ویڈیو آن ڈیمانڈ انٹرنیٹ سٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر اضافی ٹیکس عائد کر دیا ہے جس کے بعد پاکستانی بینکس نیٹ فلکس پر نیا ٹیکس وصول کرنے کے لیے ودہولڈنگ ایجنٹ کے طور پر کام کریں گے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ سے سبسکرپشن فیس ادا کرنے والے نیٹ فلکس صارفین کو اب آئی ٹی سروسز پر 3 فیصد سیلز ٹیکس دینا ہوگا، جبکہ فائلرز کے لیے بین الاقوامی ٹرانزیکشن پر 5 فیصد ایڈوانس ٹیکس اور 4 فیصد کارڈ ٹرانزیکشن چارج، اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لاگو ہوں گے۔
سندھ روینو بورڈ نے ٹیکس کے نئے قوانین نافذ کیے ہیں جن کے تحت پاکستانی بیکنس اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ماتحت دیگر مالیاتی ادارے ’کلیکشن ایجنٹ‘ کے طور پر کام کریں گے۔
ان قوانین کے تحت، ایس آر بی نے مخصوص سروسز پر 3فیصد سندھ سیلز ٹیکس عائد کیا ہے جن میں نیٹ فلکس سمیت دیگر کلاؤڈ بیسڈ سٹریمنگ پلیٹ فارمز شامل ہیں۔
ایس آر بی کی جانب سے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ جب بھی نیٹ فلکس صارفین سٹریمنگ سروس کو ادائیگی کریں تو بینکس اور دیگر پیمنٹ پروسیسنگ کمپنیوں کی جانب سے ہر ادائیگی پر 3 فیصد ٹیکس اکٹھا کرنا لازم ہے۔ 
یہ نئے قوانین جنہیں ’سندھ سیلز ٹیکس سپیشل پروسیجر (مخصوص سروسز پر ٹیکس) رولز‘ کہا جاتا ہے، ستمبر 2023 میں نافذ کئے گئے تھے تاکہ نیٹ فلکس جیسی کلاؤڈ بیسڈ سٹریمنگ سروسز جو پاکستان میں نہیں ہیں، ان پر 3 فیصد ٹیکس عائد کیا جا سکے۔
واضح رہے نیٹ فلکس پر صارفین ٹی وی شوز، فلمیں اور ڈاکومینٹریز دیکھ پاتے ہیں اور اس کی سبسکرپشن کے لیے نیٹ فلکس اپنے صارفین کو 250 سے 1100 روپے تک کے ماہانہ پلانز فراہم کرتا ہے۔
نیٹ فلکس نے اپنی ویب سائٹ پر بھی واضح کر رکھا ہے کہ سبسکریشن فیس پر کتنا ٹیکس عائد ہوتا ہے اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ صارف کس ملک میں رہتا ہے۔ 
یاد رہے حال ہی میں نئے فنانس بل 2024 میں اُن ٹیکنالوجی کمپنیوں پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے جو پاکستان میں ڈیجیٹل ذرائع سے آمدنی کماتی ہیں۔ اس طرح نیٹ فلکس بھی پاکستان میں اپنی کاروباری موجودگی کی وجہ سے اب خطے میں صارفین کو چارج کرنے پر ٹیکس ادا کرنے کا ذمہ دار ہے۔
گزشتہ ماہ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نیٹ فلکس کو 20 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد کے غیر ادا شدہ انکم ٹیکس کے لیے ٹیکس ریکوری کا نوٹس جاری کیا تھا، جس میں 2001 کے انکم ٹیکس آرڈیننس (ITO) کے سیکشن 6 کا اطلاق کیا گیا تھا۔ 

شیئر: