Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 فلاحی تنظیم کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا ’مفت بازار‘

بازار کی تیاری میں 50 مرد وخواتین رضاکاروں نے بھی حصہ لیا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
تیماء کمشنری میں فلاحی تنظیم کی جانب سے علاقے کے کم آمدنی وضرورت مند خاندانوں کی معاونت کے لیے ’خوشی بازار‘ کے عنوان سے نمائش کا اہتمام کیا ہے۔
منفرد نمائش مملکت کی سطح پر اپنی نوعیت کی پہلی ہے جس میں ضرورت مند خاندانوں کےلیے ملبوسات اور دیگر لوازمات مفت مہیا کی جارہی ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق تیماء کمشنری میں فلاحی تنظیم نے علاقے کے مخیر لوگوں کے اشتراک سے  بلدیہ کے مرکزی ہال میں اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد فلاحی مارکیٹ قائم کی جس میں انواع و اقسام کے ملبوسات اور دیگر لوازامات رکھے گئے ہیں۔
فلاحی مارکیٹ میں کا بنیادی مقصد ان خاندانوں کی معاونت کرنا ہے جو کم آمدنی کی وجہ سے قیمتی لباس و دیگر زیبائشی اشیاء خریدنے سے قاصر ہیں۔
 مفت بازار کی تیاری اور سجاوٹ میں دو دن لگے جس میں فلاحی تنظیم کے کارکنوں کے علاوہ علاقے کے 50 مرد و خواتین رضا کاروں نے شرکت کی۔
فلاحی مارکیٹ کے متعدد شعبے ہیں جن میں نومولد سے لے کر دس برس تک کے بچوں کے لیے ضرورت کی اشیا رکھی گئی ہیں جبکہ خواتین کے شعبے میں ملبوسات و دیگر اشیا موجود ہیں اسی طرح لڑکوں اور مردوں کا سیکشن بھی جدا کیا گیا ہے۔
منتظمین نے مردانہ اور زنانہ ملبوسات کے علاوہ جوتوں ، خواتین کا میک اپ ، بیگز ، چوڑیاں و اعلی کوالٹی کا  زیبائشی سامان کے اسٹالز بھی خصوصی طورپر لگائے گئے ہیں۔

مفت بازار میں مردانہ ملبوسات بھی فراہم کیے گئے ہیں(فوٹو، سبق)

مفت فلاحی مارکیٹ کے ذمہ داروں نے باورچی خانے میں استعمال ہونے والی اشیا کا بھی خیال رکھا ہے جن میں برتنوں کے علاوہ کچن کی دیگر اشیا شامل ہیں۔
مارکیٹ کو مکمل طورپر تیار کرنے میں دو دن لگے جو چار دنوں تک جاری رہے گی۔ علاقے میں مقیم ضرورت مند افراد جن کی تفصیلات فلاحی تنظیم میں درج ہیں انہیں بازار میں آنے کی دعوت دی جارہی ہے وہ باری باری مارکیٹ میں آکر اپنی ضرورت کے مطابق اشیا حاصل کرسکتے ہیں۔

شیئر: