Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی صحرا میں کویتی خاتون کی پراسرار ہلاکت، شوہر سے پوچھ گچھ

پبلک پراسیکیوشن نے تفتیش جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے صحرائی علاقے سے مردہ حالت میں ملنے والی کویتی خاتون کے شوہر نے دعوٰی کیا ہے کہ ’انہوں نے اپنی اہلیہ کو قتل نہیں کیا بلکہ ایک صحرائی علاقے میں چھوڑ دیا تھا۔‘
سبق نے کویتی نیوز کونسل کے حوالے سے بتایا کہ خاتون کے شوہر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ’وہ نفسیاتی مریض اور ایک ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔‘
کویت میں پبلک پراسیکیوشن نے خاتون کے شوہر سے تفتیش جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ شوہر دوران سفر اپنی اہلیہ کو ایک سعودی ایئرپورٹ کے ٹوائلٹ میں چھوڑ کر واپس کویت چلا گیا تھا اور اہل خانہ کو بتایا کہ وہ لاپتہ ہو گئی ہیں۔
کویتی اخبار کے مطابق حکام نے خاتون کے لاپتہ ہونے پر شوہر کو طلب کر کے پوچھ گچھ کی، انہوں نے اپنی اہلیہ کو ایئرپورٹ پر چھوڑنے کا اعتراف کیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ ان کی موت کن حالات میں ہوئی۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے  اپنے کویتی ہم منصب کو صحرائی علاقے میں کویتی شہری کی نعش ملنے کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
یاد رہے کہ مشرقی ریجن کے پولیس ترجمان نے بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ ایک خلیجی خاتون جو اپنے شوہر کے ہمراہ سعودی عرب کے علاقے سے گزر رہی تھی وہ لاپتہ ہو گئی ہیں۔
اطلاع ملنے پرپولیس نے خاتون کی تلاش شروع کردی۔ مختلف ہائی ویزے اور صحرائی علاقے میں پولیس پارٹیاں بھیجی گئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق تلاش میں گئی ہوئی ایک پولیس پارٹی کو الجبیل کے شمالی صحرائی علاقے میں خاتون کی نعش ملی جسے ایمبولینس کے ذریعے ریجن کے ہسپتال پہنچا کر اسے سرد خانے میں رکھوا دیا گیا۔

شیئر: