مکہ ریجن میں بارش جبکہ مدینہ میں موسم گرم رہنے کا امکان
جمعرات 11 جولائی 2024 9:44
مشرقی ریجن میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے (فوٹو، ایس پی اے)
موسمیاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آج بروز جمعرات مملکت کے بعض علاقوں میں بارش جبکہ بیشتر مقامات پر موسم گرم تر رہے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے قومی مرکز برائے موسمیات کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ مکہ مکرمہ ، ریاض ، مدینہ منورہ ، الباحہ ، عسیر، قصیم اور جازان میں موسم غیرمعمولی رہے گا۔ کہیں ہلکی بارش جبکہ بعض علاقے گرد وغبار کی لپیٹ میں رہیں گے۔
موسمیاتی ریڈار کے مطابق الباحہ ریجن اور اس کے بعض علاقوں میں کہیں ہلکی جبکہ بعض جگہ موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔ بلجرشی ، بنی حسن ، الباحہ اور قلوہ میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔
مکہ شہر کے علاوہ نواحی کے علاقے اضم ، میسان ، العرضیات اور بحرہ میں بھی رات 9 بجے تک وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے جبکہ طائف شہر کے علاوہ الجموم، بحرہ ، القنفذہ ، خلیص اور اللیث میں تیز ہوائیں چلیں گی۔
عیسر ریجن میں بھی کہیں ہلکی جبکہ بعض علاقوں میں تیز بارش کی توقع ہے جبکہ محائل عسیر ، ابھا ، احد رفیدہ ، خمیس مشیط ، تنومہ ، المجاردہ ، بارق اور رجال المع میں ہلکی بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔
موسمیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی ریجن میں شدید گرمی پڑے گی جہاں پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ گرمی کی لہر سے الجبیل ، الخبر ، دمام ، القطیف ، راس تنورہ ، الاحساء اورحفر الباطن کے علاقے بھی متاثر ہوں گے گرمی کی شدت میں کمی شام 5 بجے کے بعد سے ہونا شروع ہوگی۔
مدینہ منورہ اور قصیم ریجن کے علاقے بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جہاں درجہ حرارت48 ڈگری تک پہنچے گا جبکہ ریاض ریجن میں بھی گرمی جبکہ بعض مقامات پر گرد وغبار کا سلسلہ جاری رہے گا۔