یونسکو میں درج الاحساء کی سرخ روٹی کی خصوصیت کیا ہے
ہفتہ 13 جولائی 2024 12:49
روٹی میں کھجور کا گودا بھی شامل کیا جاتا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ )
سعودی عرب کے شہر الاحساء کی روایتی سرخ روٹی کو یونیسکو میں تخلیقی شہروں کی روٹی کے طورپررجسٹرکرلیا گیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق الاحساء کے ایک معمر نان بائی عبدالرحمان الربیع نے بتایا کہ وہ نوجوانی سے اس صنعت سے منسلک ہیں یہ فن ہماری میراث ہے۔
الربیع گزشتہ 6 دھائیوں سے نان بائی کے پیشے سے منسلک ہیں ان کاکہنا تھا کہ علاقے کی یہ مشہور روٹی عہد قدیم سے تیار کی جاتی ہے جو پورے سعودی عرب میں مشہور ہے۔
معمر نان بائی نے مزید بتایاکہ روٹی کے آٹے کو تیار کرنے کے لیے اس میں کھجور کا گودا بھی شامل کیا جاتا ہے۔ آٹے کو خمیر کرنے سے قبل اسے اچھی طرح چھانا جاتا ہے تاکہ کسی قسم کا کچرا اس میں شامل نہ ہو۔
واضح رہے الاحساء شہر کی لال روٹی وہاں کی روایت میں شامل ہے جسے ناشتے میں سب سےزیادہ پسند کیا جاتا ہے ۔ روٹی کو مختلف اقسام کی کھجوروں کے گودے کے ساتھ بھی لیا جاتا ہے جبکہ اس کے آٹے میں خالص گھی بھی شامل ہوتا ہے جس سے روٹی نرم اور خوش ذائقہ بن جاتی ہے۔