Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

49 لاکھ افراد کی نشاندہی، وزیراعظم کی فوری ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت

وزیراعظم کو ایف بی آر تاجر دوست موبائل ایپلی کیشن پر بریفنگ دی گئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکس بیس کو بڑھایا جائے اور مزید لاکھوں شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔
سنیچر کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے دورے کے موقع پر ویب بیسڈ ون کسٹمز سسٹم (WeBOC) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے فوری طور پر دو ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کو ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کسٹمز کی تمام سروسز کی جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹائزیشن تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعظم کو ایف بی آر تاجر دوست موبائل ایپلی کیشن کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کی تاجر دوست موبائل ایپلی کیشن خود کار نظام پر مبنی  ہے جس میں گھر بیٹھے ٹیکس نظام میں رجسٹریشن سے لے کر ٹیکس جمع کروانے تک کے تمام عمل کی سہولت دی گئی ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکس دینے کی صلاحیت رکھنے والے 49 لاکھ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے ٹیکس بیس بڑھانے اور نشاندہی شدہ افراد کو فوری ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ایف بی آر کی آٹومیشن اور ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم کو طویل مدتی ڈیجیٹائزیشن حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ فلور ملز مالکان سے ملیں اور ان کے تمام جائز مسائل حل کریں۔
بریفنگ میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر احمد، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

شیئر: