فضائی ایمبولینس کے ذریعے کویت سے مریضہ کی مملکت منتقلی
سعودی سفارتکاروں نے مریضہ کی وطن منتقلی کے لیے اہم کردارادا کیا(فوٹو،ایکس اکاونٹ)
فضائی ایمبولینس کے ذریعے کویت سے سعودی خاتون کو مملکت منتقل کردیا گیا۔ سعودی سفارتخانے کے تعاون سے خاتون کو مملکت منتقل کیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق کویت میں سعودی سفارتخانے کو اطلاع ملی تھی کہ کویت آنے والی سعودی خاتون کی طبیعت سخت ناساز ہے جس پراسے ہنگامی بنیادوں پر مملکت منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔
سفارت خانے نے وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے خاتون کو طبی امداد کی فراہمی اور وطن منتقلی کے حوالے سے درخواست ارسال کی۔
سعودی سفارتکاروں نے کویتی حکام کے ساتھ خاتون کو ایئرایمبولینس کے ذریعے وطن منتقل کرنے کی کارروائی مکمل کی۔ مملکت سے فضائی ایمبولینس کویت پہنچنے پر خاتون کو طبی ہدایات کے مطابق ایمبولینس کے ذریعے وطن منتقل کرنے کے بعد متعلقہ ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
واضح رہے سعودی عرب کی جانب سے اپنے شہریوں کی دیکھ بھال بیرون مملکت بھی کی جاتی ہے۔ سعودی شہریوں کو درپیش کسی بھی مشکل صورتحال پر اس ملک میں موجود سفارتکار فوری طورپرمدد کے لیے پہنچ جاتے ہیں اس ضمن میں وزارت خارجہ کی جانب سے فضائی ایمبولینس کے ذریعے اب تک متعدد مریضوں کو مختلف ممالک سے مملکت پہنچایا جاچکا ہے۔