Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں 5 فوجی ہلاک

ضلع ڈوڈہ کے جنگل میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں پانچ فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں میجر سمیت انڈین فوج کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق پیر کی رات کو ضلع ڈوڈہ کے جنگل میں عسکریت پسندوں کے تعاقب میں کم از کم پانچ فوجی اہلکار فائرنگ سے زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ان میں سے چار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔
انڈین آرمی کے وائٹ نائٹ کور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ ’رات نو بجے دہشت گردوں کے ساتھ آمنا سامنا ہوا اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔‘
بیان میں مزید لکھا ’علاقے میں اضافی نفری بھجوا دی گئی ہے اور آپریشن جاری ہے۔‘
انڈین ایکسپریس نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ زخمیوں میں میجر کے رینک کا افسر بھی شامل ہے۔
جنگل میں چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے اس وقت سکیورٹی فورسز پر فائر کیا جب وہ علاقے میں سرچ آپریشن کر رہے تھے۔
سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی اور دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ تاہم اس کے بعد سے عسکریت پسندوں کی جانب سے مزید فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں پیش آیا۔
جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں عسکریت پسندوں کی حرکت اور دہشت گرد حملوں میں اضافے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

شیئر: