Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطین پر اسرائیلی قبضہ غیرقانونی، یورپی یونین کی عالمی عدالت کے فیصلے کی حمایت

یورپی یونین کے نمائندہ برائے خارجہ امور نے کہا کہ بلاک نے عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے (فوٹو اے ایف پی)
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف کے فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو ’غیرقانونی‘ قرار دینے کے حوالے سے کہا ہے کہ ’یورپی یونین کا مؤقف ’بڑی حد تک اس سے مطابقت رکھتا ہے۔‘
بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) کی طرف سے جمعے کو آنے والے فیصلے میں قبضے کو جلد از جلد ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم اسرائیل کی طرف سے اسے ’جھوٹ بر مبنی فیصلہ‘ قرار دیا گیا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کے نمائندہ برائے خارجہ امور جوزیف بوریل نے کہا ہے کہ بلاک نے عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور عدالت کی رائے کے لیے مزید حمایت پر زور دیا ہے۔
جوزپ بوریل نے کہا کہ ’بین الاقوامی قانون کی مسلسل اور بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کے پیش نظر یہ ہمارا اخلاقی فرض ہے کہ ہم آئی سی جے کے تمام فیصلوں کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کی تصدیق کریں چاہے یہ فیصلہ کسی بھی موضوع پر ہو۔‘
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ اس فیصلے کا ’مزید گہرائی سے تجزیہ کرنے کی ضرورت ہوگی۔‘
آئی سی جے کا فیصلہ کسی کو پابند نہیں کرتا کہ اس پر عمل کیا جائے تاہم یہ ایسے وقت پر آیا ہے جب غزہ میں تباہی اور ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافے پر تشویش بڑھ رہی ہے اور اس کے ساتھ ہی  خطے میں بھی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
عالمی عدالت کے فیصلے اور یورپی یونین کی حمایت کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اس سے اسرائیل پر سفارتی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس فیصلے کی مذمت کی ہے (فوٹو اے ایف پی)

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے آئی سی جے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہودی اپنی سرزمین پر قابض نہیں ہیں، نہ ہی ابدی دارالحکومت یروشلم میں، نہ ہی یہودیہ اور سامریہ کے ہمارے آبائی ورثے (مقبوضہ مغربی کنارے) میں۔‘ 
جون 1967 میں اسرائیل نے عرب ہمسایہ ممالک سے چھ روزہ جنگ میں اردن کے ساتھ الحاق شدہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم، شام سے گولان کی پہاڑیوں اور مصر سے غزہ کی پٹی اور جزیرہ نما سینائی پر قبضہ کر لیا تھا۔
اس کے بعد اسرائیل 70 ہزار مربع کلومیٹر پر قبضہ کیے گئے عرب علاقے کو آباد کرنا شروع کیا۔
بعد میں اقوام متحدہ نے فلسطینی سرزمین پر قبضے کو غیر قانونی قرار دیا اور قاہرہ نے اسرائیل کے ساتھ 1979 کے امن معاہدے کے تحت سینائی کو دوبارہ حاصل کر لیا۔

شیئر: