Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وُڈ سے غائب رہنے پر فواد خان کی انڈین فینز سے معذرت

فواد خان اور صنم سعید کی ٹیلی سیریز برزخ 19 جولائی کو ریلیز ہوئی ہے (فوٹو: سکرین گریب)
انڈین سٹریمنگ پلیٹ فارم ’زی فائیو‘ پر ٹی وی سیریز ’برزخ‘ کے ریلیز ہونے کے ساتھ ہی آٹھ سالوں بعد انڈین شائقین کو فواد خان دوبارہ سکرین پر دیکھنے کو ملے ہیں۔
فلم و شوبز کی خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق پرکشش شخصیت اور شاندار ایکٹنگ کی وجہ سے فواد خان نے خوب فینز ’سمیٹے‘ ہیں تاہم بالی وُڈ کی سکرین پر ان کو آخری مرتبہ اس وقت دیکھا گیا تھا جب انہوں نے 2016 میں کرہن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں کام کیا تھا۔
اب  فواد خان کی انڈین سکرین پر ’برزخ‘ کے ساتھ واپسی ہوئی ہے۔
فواد خان نے ’برزخ‘ کے ریلیز ہونے کے موقع پر کچھا ایسا کیا ہے جس کی وجہ سے فینز کے دلوں میں ان کی عزت مزید بڑھے گی۔
اداکار نے اپنے انڈین فینز سے ان کی واپسی کا انتظار کرنے پر ایک مثبت  اشارے کے طور پر معافی مانگی ہے۔
خبر کے مطابق فواد خان کے انڈین سنیما سے غیرحاضر رہنے کے پیچھے ان کی ذاتی غلطی نہیں تھی لیکن اداکار نے پھر بھی اپنے انڈین فینز سے ان تمام سالوں میں تفریح فراہم نہ کرنے پر اظہار معذرت کیا ہے۔
انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے ساتھ ایک انٹرویو میں بات چیت کرتے ہوئے 42 سالہ اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ ’میں ہمیشہ سے مداحوں کا بہت مشکور ہوں جنہوں نے میرا انتظار کیا اور میں انہیں اتنا طویل انتظار کروانے پر معذرت خواہ ہوں، لیکن یہ سب میرے ہاتھ میں نہیں تھا۔‘

فواد خان 2016 میں ’اے دل ہے مشکل‘ میں کام کر چکے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا یہ ماننا ہے کہ ہر ایک کام کا اپنا ایک وقت ہوتا ہے، آپ کہتے ہیں کہ غیرحاضری چاہت کو بڑھاتی ہے تو میں آپ کو کچھ اور بھی بتانا چاہوں گا، ہمارے ہاں ایک اور کہاوت مشہور ہے آنکھ اوجھل پہاڑ اوجھل۔‘
واضح رہے کہ فواد خان پاکستان کی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی ایک جانی مانی شخصیت ہیں۔ فواد خان نے بالی وُڈ میں اپنا ڈیبیو سونم کپور کے ساتھ ’خوبصورت‘ فلم سے کیا تھا۔
اس کے علاوہ وہ ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی کام کر چکے ہیں۔

شیئر: