جون میں سب سے کم شکایات کس ایئرلائنز کے خلاف رہیں
سب سے کم شکایات سعودی ایئرلائنز کے خلاف رہیں۔ (فوٹو عاجل)
جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے جون 2024 کے مہینے کے دوران مسافروں کی طرف سے اتھارٹی کو جمع کرائی گئی شکایات کی تعداد کی بنیاد پر ہوائی نقل و حمل اور ہوائی اڈے پر خدمات فراہم کرنے والی ایئرلائنز کی درجہ بندی کا انڈیکس جاری کیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق اتھارٹی نے بتایا کہ طیاروں پر مسافروں کی شکایات کے حوالے سے 900 شکایات ریکارڈ کرائی گئیں ان میں سب سے کم شکایات سعودی ایئرلائنز (السعودیہ) کی تھیں۔ اس کی شرح ایک لاکھ پر بارہ شکایات کی رہی اور شکایات کو بروقت نمٹانے کے حوالے سے اس ایئرلائن کی شرح جون کے مہینے میں 99 فیصد رہی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دوسرے نمبر پر ناس ایئر رہی جس پر ایک لاکھ پر 14 شکایات کی شرح تھی جبکہ تیسرے نمبر پر فلائی اے ڈیل کی رہی جس کی ایک لاکھ پر 18 شکایات سامنے آئیں اور اس کی شکایات دور کرنے کے لیے بروقت کارروائی کی شرح 96 فیصد رہی۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مملکت کے تمام ایئرپورٹس میں مسافروں کی سب سے کم شکایات کے حوالے سے جدہ ایئرپورٹ بہترین رہا۔
جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتھارٹی کے پاس درج شکایات کی شرح فی لاکھ پر 0.4 فیصد رہیں۔ اسی طرح بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے حوالے سے مسافروں کی سالانہ تعداد یہاں 6 ملین سے زیادہ ہے۔ یہاں 16 شکایات درج ہوئیں اور بروقت شکایات دور کرنے کے حوالے سے اس کی شرح 77 فیصد تک رہی۔ ڈومیسٹک ایئرپورٹس کے حوالے سے بیشہ ہوائی اڈے پر ایک لاکھ مسافروں پر 3 فیصد کی شرح سے شکایات نوٹ کرائی گئیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں