Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آئے گی؟

پیر کو کولمبو میں ہونے والے اجلاس میں افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او نے شرکت کی (فوٹو: اے سی بی)
پاکستان کے لوکل میڈیا کے مطابق افغانستان کرکٹ ٹیم پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کرے گی، تاہم افغان ٹیم کی جانب سے اس بارے میں باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
پیرکو افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میرویس اشرف اور سی ای او نصیب خان نے کولمبو میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ بورڈ اجلاس میں شرکت کی۔
ایکسپریس ٹربیون کے مطابق آئی سی سی اجلاس میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے افسران کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات بھی ہوئی جس میں افغانستان کی چیمئنز ٹرافی میں شرکت کی تصدیق کی گئی۔
پاکستان سال 2025 کے فروری اور مارچ سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے جا رہا ہے اور اگر افغانستان اس میں شرکت کرتا ہے تو یہ ان کا پہلا چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ ہوگا۔ 
حال ہی میں افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ امکانات ہیں افغانستان کرکٹ ٹیم چئمپئنز ٹرافی کا حصہ نہیں بنے گی۔
واضح رہے تاحال انڈین کرکٹ ٹیم نے بھی پاکستان آنے کا اعلان نہیں کیا جبکہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کا بجٹ بھی منظور کر دیا ہے۔
مزید برآں افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اے سی بی ممکنہ طور پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پر مشتمل یوتھ ٹرائی سیریز کے انعقاد کا منصوبہ بھی بنا رہا ہے۔ یہ اقدام نوجوانوں میں کرکٹ کی دلچسپی کو بڑھانے کے لیے ایک حکمت عملی کا حصہ ہے۔
اے سی بی کی پریس ریلیز میں افغان اے ٹیم کے بنگلہ دیش اور زمبابوے کے دوروں پر بھی روشنی ڈالی گئی، جن کی تاریخوں اور مقامات کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

شیئر: