انڈین کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں پی سی بی کو اضافی رقم ملے گی؟
بدھ 24 جولائی 2024 10:12
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان اور انڈیا کا میچ یکم مارچ کو لاہور میں شیڈول ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس بات کا فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر چھوڑ دیا ہے کہ وہ بی سی سی آئی کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے انڈین ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر راضی کرے۔
این ڈی ٹی وی سپورٹس کو پی سی بی کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ کولمبو میں آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں چیمپیئنز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری دی گئی تھی، تاہم ٹورنامنٹ کے شیڈول اور فارمیٹ پر کوئی بات نہیں کی گئی۔
پی سی بی ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے بجٹ اور شیڈول آئی سی سی کو پیش کر دیا تھا جس کے مطابق انڈین ٹیم اپنے تمام میچز لاہور میں کھیلے گی۔
تاہم اب یہ آئی سی سی پر منحصر ہے کہ وہ کتنی جلدی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کو حتمی شکل دیتا ہے اور بی سی سی آئی سے انڈین ٹیم کے پاکستان آنے کی تصدیق کرواتا ہے‘۔
دوسری جانب کرکٹ ویب سائٹ ’ون کرکٹ‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ میں ’سپلیمنٹری‘ اخراجات رکھے ہیں جن کا استعمال اس صورت میں کیا جائے گا اگرانڈین ٹیم کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت میچز پاکستان سے باہر کھیلنے پڑے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ پی سی بی کو انڈین ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں تلافی کے لیے اضافی رقم ملے گی، اوراس صورتحال میں چیمپئنز ٹرافی 2025 بھی ایشیا کپ 2023 کی طرح ایک ہائبرڈ ماڈل میں کھیلی جائے گی۔
واضح رہے انڈین کرکٹ بورڈ کے مطابق انڈین ٹیم کا پاکستان آنے کا فیصلہ انڈین حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔
اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی اجلاس کے موقع پر بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ اور کسی دوسرے عہدیدار سے کوئی باضابطہ ملاقات کی نہ ہی ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات ہوئی لیکن محسن نقوی اور جے شاہ کے درمیان اجلاس کے دوران خوشگوار تبادلہ خیال ہوا۔
پی سی بی نے 2021 میں احسان مانی کے بطور بورڈ چیئرمین کے دور میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔
آئی سی سی نے 2022 میں پاکستان کو میزبانی کے حقوق سے نوازا جس کے بعد رمیز راجہ کے بطور پی سی بی چیئرمین دور میں بورڈ نے آئی سی سی کو میزبانی کے معاہدے کے لیے دستاویزات جمع کروائے تھے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 ڈرافٹ شیڈول کے مطابق فروری سے مارچ کے درمیان کھیلی جائے گی اور ممکنہ سیمی فائنل اور فائنل سمیت انڈین ٹیم کے تمام میچز لاہور میں شیڈول کیے گئے ہیں۔ انڈیا اور پاکستان کا میچ یکم مارچ کو شیڈول ہے۔