منشیات فروشی میں ملوث سعودی شہری کو سزائے موت
ملزم کے قبضے سے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی تھیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تبوک ریجن میں منشیات فروشی کا جرم ثابت ہونے پر سعودی شہری کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ تبوک ریجن میں مقیم سعودی شہری عزیز بن سلامہ الحویطی کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے منشیات فروشی کے جرم میں حراست میں لیا تھا۔
ملزم کے قبضے سے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی تھیں جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے چالان کرمنل کورٹ کو ارسال کردیا گیا ۔
عدالت نے اقبالی بیان اور تمام شواہد کی روشنی میں سزائے موت کا فیصلہ صادر کردیا جس پر وزارت داخلہ نے بروز بدھ 24 جولائی کو عمل درآمد کردیا۔