Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احمد شہزاد تنقید کی زد میں، ’پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہے‘

ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے دوران بابر اعظم مسلسل احمد شہزاد کی تنقید کی زد میں رہے (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے حالیہ دنوں میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران بابر اعظم کی خراب پرفارمنس کے باعث ان پر تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔
احمد شہزاد نے 2019 کو آخری مرتبہ پاکستان کے لیے کھیلا تھا تاہم 32 سالہ احمد شہزاد کی جانب سے بارہا بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔
ایک موقعے پر احمد شہزاد کی جانب سے بابر اعظم کے متعلق بیان بازی کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’بابر اعظم کے کپتان بننے کے بعد پاکستان ٹیم کمزور ٹیموں سے بھی ہارنے لگ گئی ہے۔‘
تاہم اس مرتبہ معاملہ کچھ الٹ گیا اور کنگ بابر اعظم کی جگہ احمد شہزاد کو کرکٹ شائقین نے آڑھے ہاتھوں لے لیا ہے۔
احمد شہزاد چترال میں ایک مقامی کھلاڑی کے ہاتھوں ایک ہی اوور میں تین مرتبہ آؤٹ ہوجانے کے بعد کرکٹ شائقین کی تنقید کی زد میں ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چترال کے ایک مقامی بولر کے ہاتھوں احمد شہزاد ایک ہی اوور میں تین مرتبہ کلین بولڈ ہوجاتے ہیں۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے احمد شہزاد کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کے معروف پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر حمزہ نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہے۔‘

ایک اور صارف رابعہ بٹ کہتی ہیں کہ ’یہ صاحب کہتے تھے کہ بابر کو ماڈرن کرکٹ کھیلنا نہیں آتی۔‘ 

سامی نامی ایکس صارف کی جانب سے لکھا گیا کہ ’مجھے یاد ہے 2014 سے 2017 کے درمیان کچھ پاکستانی فینز ان کا موازنہ وراٹ کوہلی سے کیا کرتے تھے۔‘

حیات نامی ایکس صارف کہتے ہیں ’وہ اپنے سابقہ ریکارڈ توڑنے سے زیادہ کچھ نہیں کر رہے۔‘

احمد شہزاد ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کے باہر ہونے کے وقت بھی خاموش نہیں رہے تھے۔ اس وقت کرکٹر کی جانب سے کیپٹن بابر اعظم اور ٹیم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی خراب کارگردگی پر احمد شہزاد نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا ’آپ کا سٹرائیک ریٹ 112 ہے اور آپ کی ایوریج 26 ہے۔ آپ پاور پلے کی 207 بالوں میں ایک چھکا تک تو لگا نہیں سکے۔‘
انہوں کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے اندازہ ہے کہ آٹھ سال قبل میں اپنی کارگردگی کو بہتر بنا سکتا تھا لیکن آپ کے اعداد و شمار تو بالکل ہی گئے گزرے ہیں۔ آپ کی مجھ سے بھی بری حالت ہے لیکن آپ تو پھر کنگ ہیں نا، آپ ایک فراڈ کنگ ہیں۔‘

شیئر: