دومۃ الجندل کا تاریخی قلعہ ’مارد‘ سیاحوں میں مقبول کیوں؟
قدیم تاریخی قلعہ 6 سو میٹر بلندی پر واقع ہے(فوٹو، ایس پی اے)
الجوف ریجن کی کمشنری دومۃ الجندل میں واقع قدیم قلعہ ’مارد‘ اندرون و بیرون مملکت سے آنے والے سیاحوں کے لیے غیرمعمولی دلچسپی کا باعث ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق آثار قدیمہ میں دلچسپی رکھنے والے بڑی تعداد میں عہد رفتہ کے نقوش دیکھنے کے لیے دومۃ الجندل کا رخ کرتے ہیں جہاں وہ ماضی کے اس تاریخی قلعہ کی سیر کرنے کے علاوہ وہاں کی یادگاری تصاویر بھی بناتے ہیں۔
مادر قلعہ دومۃ الجندل کے ایک پہاڑ کی چوٹی پرتعمیر کیا گیا تھا جو شہر کے جنوبی سمت میں واقع ہے۔ قدیم تاریخی قلعہ 600 میٹر بلندی پر واقع ہے ۔
قلعہ کے بارے میں کہا جاتا ہے یہ پہلی اور دوسری صدی عیسوی میں تعمیر کیا گیا تھا۔ قلعہ کی بلند و بالا فصیلوں کی باقیات آج بھی موجود ہیں جبکہ مٹی اورگارے کی اینٹوں سے بنائے گئے واچ ٹاورز بھی صدیاں گزرنے کے باوجود آج بھی قعلے کے اطراف میں کھڑے ہیں۔
محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے قدیم قلعہ کی بہترین طریقے سے دیکھ بھال کی جاتی ہے تاکہ آثار قدیمہ کا تحفظ کیا جاسکے۔