تہرے قتل میں ملوث سعودی شہری کی سزائے موت پر عمل درآمد
ہفتہ 27 جولائی 2024 19:55
مملکت میں شرعی قوانین نافذ ہیں جن پر بلا تفریق عمل کیا جاتا ہے (فوٹو : ایکس اکاونٹ )
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تہرے قتل میں ملوث سعودی شہری کی سزائے موت پر عسیر ریجن میں عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سعودی شہری محمد بن یحیی الاکلبی نے سعید بن محمد البیشی ، ان کی بہن سعدیہ اور تیسرے سعودی شہری مسفر بن محمد الاکلبی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے تین افراد کے قتل کے جرم میں سعودی شہری کو گرفتار کرکے اس کا کیس عدالت میں بھیج دیا۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے اور شواہد کی روشنی میں تہرے قتل کے جرم میں ملوث شہری کو سزائے موت کا حکم صادر کریا جس کی تائید اپیل کورٹ نے بھی کی بعدازاں ایوان شاہی سے بھی حتمی حکم صادر ہونے کے بعد وزارت داخلہ نے سنیچر 27 جولائی 2024 کو عسیر ریجن میں سزائے موت پر عمل درآمد کردیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مملکت میں شرعی سزائیں نافذ ہیں جن پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے اس سے قطعی نظر جرم کرنے والا کوئی بھی ہو وہ عدالت سے بچ نہیں سکتا ۔