خدیجہ شاہ نے امریکی شہریت ترک کردی، ’عمران خان کا قومی اسمبلی کے لیے نامزد کرنا اعزاز‘
خدیجہ شاہ کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی شکرگزار ہیں جنہوں نے انہیں اس عہدے کے لیے نامزد کیا‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
معروف پاکستانی نژاد امریکی فیشن ڈیزائنز اور پاکستان تحریک انصاف کی حمایتی خدیجہ شاہ نے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست کے لیے امریکی شہریت چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
خدیجہ شاہ نے منگل کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’پاکستان کے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی نے انہیں پارلیمنٹ میں پارٹی کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تاحیات ہیرو عمران خان کی شکرگزار ہیں جنہوں نے انہیں اس عہدے کے لیے نامزد کیا اور یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
فیشن ڈیزائنر نے مزید کہا کہ ’امریکی شہریت جو کہ آپ کو تحفظ اور آزادی دیتی ہے کو ترک کرنا آسان فیصلہ نہیں تھا۔‘
’تاہم پاکستان میرا مادر وطن ہے، اسے میں اپنا گھر کہتی ہوں، اور اس ملک میں میں نے اپنی زندگی سنواری ہے، میں اس ملک اور اپنے عوام کو چھوڑ نہیں سکتی۔‘
لگژری فیشن برینڈ ’اعلان‘ کی بانی خدیجہ شاہ کا شمار پی ٹی آئی کے ان ہزاروں کارکنوں میں ہوتا ہے جنہیں 9 مئی کے واقعات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
خدیجہ شاہ جو کہ عمران خان کی سرگرم حمایتی ہیں کو 9 مئی سے متعلقہ چار کیسز میں گرفتار کیا گیا اور وہ چھ ماہ تک کوٹ لکھپت جیل لاہور اور بعدازاں کوئٹہ میں قید رہیں۔
انہیں نومبر 2023 میں ان مقدمات میں ضمانت ملی، تاہم بعدازاں لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے خدیجہ شاہ کو کوئٹہ پولیس کو دو روزہ راہداری ریمانڈ پر حوالے کیا۔
انہیں قتل اور اقدامِ قتل کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا، تاہم دسمبر 2023 میں کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عدم ثبوت کی بنا پر اُنہیں بری کردیا۔
اس طرح 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار ہونے والی خدیجہ شاہ کو مجموعی طور پر سات ماہ کے بعد جیل سے رہائی ملی۔
خدیجہ شاہ پر نو مئی کو پی ٹی آئی کے کارکنوں کو پُرتشدد احتجاج پر اُکسانے کا الزام تھا جس پر کوئٹہ پولیس نے انہیں دسمبر 2023 کو لاہور سے گرفتار کر کے دو روزہ راہداری ریمانڈ پر بلوچستان منتقل کیا تھا۔
خیال رہے کہ خدیجہ شاہ کو لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس کے جلاؤ گھیراؤ اور عسکری ٹاور کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں نو مئی کے واقعات کے دو ہفتے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔
وہ پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کی نواسی اور سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی ہیں۔