Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آٹو الیکٹریشن و دیگر کاریگروں کے لیے پیشہ ورانہ لائسنس لازمی

پیشہ ورانہ لائسنس کا مقصد کام کے معیار کو بہتر بنانا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ مختلف فنی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہنرمند کاریگروں کے لیے پیشہ ورانہ لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔
ماہر کاریگروں کے پیشہ ورانہ پرمٹ  کے بغیر تجارتی ادارے کے لائسنس کی تجدید یا اجرا نہیں ہو گا۔ پیشہ ورانہ پرمٹ کا مقصد فنی شعبوں کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق میونسپلٹی کی جانب سے 40 شعبوں اور 83 فنی پیشوں کے لیے پیشہ ورانہ پرمٹ کو لازمی قرار دیا ہے۔
جن فنی شعبوں کے لیے پیشہ ورانہ لائسنس درکار ہوگا ان میں کارپینٹرز ، ایلومینیم کا کام کرنے والے ، شیشے کے شعبے سے منسلک ، فرنیچراورپردوں کے کاریگر، سرامیک اور چپسم بورڈ وغیرہ ، سائیکل اور موٹرسائیکل میکینک، کار میکینک ، ڈینٹرپینٹر، کارالیکٹریشنز ، گاڑیوں کا تیل تبدیل کرنے والے سینٹرز، ہیوی گاڑیوں کے ٹائرز تبدیل کرنے والے کاریگرز کے علاوہ اسی نوعیت کے دیگر پیشے شامل ہیں۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ مذکورہ شعبوں سے منسلک تجارتی اداروں یا دکانوں کے لائسنس کا اجرا یا تجدید وہاں موجود کاریگروں کے پیشہ ورانہ پرمٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے جو میونسپلٹی کی ایپ ’بلدی‘ کے ذریعے ہوگا۔
جاری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک لائسنس کے لیے تجارتی ادارے میں کم از کم ایک کارکن ایسا ہو جو متعلقہ پیشے میں مہارت کا سرٹیفیکیٹ کا حامل ہو ۔

پیشہ ورانہ لائسنس کے بغیر دکان یا ورکشاپ کا لائسنس تجدید نہیں ہوگا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)

مذکورہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے وہ تجارتی ادارے جن کے کارکن باقاعدہ پیشہ ورانہ پرمٹ ہولڈر ہوں گے ان اداروں کو مارکیٹ میں فوقیت حاصل ہوگی جس کا مقصد کام کے معیار کو بلند کرنا اور صارفین کے اعتماد کو مستحکم کرنا ہے۔
واضح رہے فنی شعبے سے منسلک کارکنوں کے بارے میں لوگوں کا کہنا ہے کہ اکثر کاریگر اپنے پیشے میں مہارت نہیں رکھتے جس کی وجہ سے انہیں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس ضمن میں میونسپلٹی کی جانب سے پیشہ ورانہ لائسنس کی شرط عائد کی گئی ہے تاکہ سرٹیفائیڈ کاریگروں کی موجودگی سے  صارفین کے اعتماد میں اضافہ ہو اور انکی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔

شیئر: