لندن سے پرتگال جانے والی فلائٹ کا معاون پائلٹ دورانِ سفر بے ہوش
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’جہاز کے کیپٹن نے معمول کے مطابق فلائٹ اتاری اور تمام مسافر جہاز سے اتر گئے۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
لندن سے پرتگال جانے والی ایزی جیٹ ایئرلائن کی فلائٹ کے ساتھ ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس میں دوران سفر جہاز کا معاون پائلٹ بے ہوش ہوگیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ 27 جولائی کو پیش آیا۔
لندن سے پرتگال جانے والی فلائٹ کے معاون پائلٹ کو لینڈنگ کے بعد پیرا میڈکس کے عملے نے اپنی تحویل میں لے لیا جس کے بعد اسے لِسبن کے سانتا ماریا ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔
پائلٹ کے بے ہوش ہونے کے بعد فلائٹ میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا۔
ریڈ الرٹ جہاز میں حفاظتی اقدامات کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر جاری کیا جاتا ہے۔
پائلٹ کے بے ہوش ہونے کے باوجود 193 مسافروں کی یہ پرواز خیریت سے لینڈ کر گئی۔
ایزی جیٹ کے ترجمان نے دی انڈیپینڈنٹ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایزی جیٹ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ فلائٹ ای زیڈ وائی 2459 جو لوٹن سے لسبن جا رہی تھی اسے پائلٹ کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث پیرا میڈکس کا سامنا کرنا پڑا۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’جہاز کے کیپٹن نے معمول کے مطابق فلائٹ ُاتاری اور تمام مسافر جہاز سے اتر گئے۔ فلائٹ کی سیفٹی پر کسی بھی قسم کو کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔‘
خیال رہے کہ ماضی میں ویسٹ چیسٹر نیو یارک سے پرواز بھرنے والے چھوٹے طیارے کو بھی میڈیکل ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد کینیٹیکٹ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے جہاز کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے اسے بحفاظت لینڈ کروانے کی کوشش کی تھی تاہم جہاز مارتھا کے وائن یارڈ ایئرپورٹ کے رن وے پر کریش کر گیا تھا۔